یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملے جاری
سعودی عرب کے جنگی طیارے بدستور یمن کے مختلف علاقوں کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل نے جمعرات کے روز خبر دی ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبہ مآرب کے علاقے المشجع پر بمباری کی ہے۔ سعودی عرب کی سرکردگی میں جارح اتحاد کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت صنعا کے جنوب میں سنحان شہر پر بھی حملہ کیا ہے۔ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ تعز میں دو کارخانوں پر بھی حملہ کیا ہے۔ جارح جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبہ حجہ اور صوبہ عمران کے درمیان واقع العبیسہ علاقے میں ایک گذرگاہ کو بھی اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ شبوہ کے شہر عسیلان کی جانب حملہ آوروں کی پیش قدمی روک دی ہے۔ یمنی فوج نے صوبہ لحج کے علاقے کرش میں سعودی ایجنٹوں کے ٹھکانے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کئی عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کا مقصد یمن کے مفرور سابق صدر اور اپنے پٹھو عبد ربہ منصور ہادی کو دوبارہ بر سر اقتدار لانا ہے۔
Add new comment