داعش گروہ میں دسیوں ہزار دہشت گردوں کی شمولیت
ایک امریکی سیکورٹی کمپنی کی رپورٹ سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ دو ہزار گیارہ سے اب تک داعش میں شمولیت کے لئے دسیوں ہزار دہشت گرد عراق اور شام گئے ہیں۔
سی سی ٹی وی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی سوفان گروپ نامی سیکورٹی کمپنی کی رپورٹ سے نشاندہی ہوتی ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ میں غیر ملکیوں کی شمولیت کی روک تھام کے لئے بروئے کار لائی جانے والی کوششوں کے باوجود گذشتہ پانچ برسوں کے دوران دنیا کے چھیاسی ملکوں کے اکتّیس ہزار سے زائد دہشت گرد، داعش گروہ میں شمولیت کے لئے عراق اور شام گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیونس کے چھے ہزار شہریوں نے، جن میں سات سو عورتیں بھی شامل ہیں، داعش میں شمولیت کے لئے اس گروہ کی درخواست کا مثبت جواب دیا ہے جس سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ عراق و شام میں سرگرم بیشتر دہشت گردوں کا تعلق، تیونس سے ہے۔
امریکہ کی اس سیکورٹی کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ داعش گروہ میں شامل ان دہشت گردوں کی واپسی، ان ملکوں کے استحکام کے لئے خطرہ بن سکتی ہے کہ جہاں کی صورت حال نازک بنی ہوئی ہے۔
امریکہ کی سوفان گروپ نامی سیکورٹی کمپنی کی یہ رپورٹ ایسی حالت میں سامنے آئی ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ نے حالیہ برسوں کے دوران امریکہ اور اس کے مغربی و عرب اتحادیوں کی فوجی و مالی مدد و حمایت سے علاقے کے مختلف ملکوں منجملہ عراق و شام میں وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
Add new comment