عراق، خودکش حملے میں 30 افراد جاں بحق

 

عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوبی صوبہ بابل میں واقع ایک گاؤں میں فٹ بال میچ کے بعد ایک خود کش حملے میں 30 افراد جاں بحق اور 60 زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی سرکاری ملازم ہیں۔ پولیس اور ڈاکٹروں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کر دی ہے۔ حملے کے بعد دہشت گرد  گروہ داعش نے آن لائن ایک بیان جاری کر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد فاتح ٹیم کو ٹرافي جا رہی تھی کہ اسی دوران حملہ آور نے خود کو بھیڑ میں دھماکے سے اڑا لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شہر کے میئر احمد الخفاجي بھی مارے گئے ہیں۔ اس حملے میں رضاکار فورس کے صوبہ بابل کے کمانڈر حسون حسین بھی زخمی ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ جمعہ کی شام تقریبا سات بجے پیش آیا۔ گزشتہ ماہ کے دوران صوبہ بابل میں یہ دوسرا دہشت گردانہ حملہ ہے۔
اس سے پہلے والے حملے میں دہشت گرد گروہ داعش نے اس تاریخی شہر کی ایک چیک پوسٹ پر ایک کار بم کا دھماکہ کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ فوج اور رضاکار فورس کے ہاتھوں شکست کے بعد داعش کے دہشت گرد عام شہریوں کو نشانہ بنا رہیں۔

Add new comment