اگر امیدوار نہیں بنا تو ملک میں فسادات ہوں گے : ٹرمپ

امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ ریپبلکن پارٹی کی طرف سے امیدوار نہیں ہوئے تو ملک میں فسادات بھڑک اٹھیں گے۔
ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں امیدوار نہ بنایا گیا تو امریکہ کو مظاہروں اور فسادات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ میں لاکھوں افراد کی نمائندگی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں انٹر پارٹی انتخابات میں ریاستوں میں اتنے زیادہ ووٹ حاصل کر لوں گا کہ صدارتی عہدے کا امیدوار بن سکوں۔
اس متنازع ارب پتی امیدوار نے سی این این سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاستوں میں کافی حد تک ووٹ حاصل کر لئے ہیں اور انہیں صدارتی عہدے کا امیدوار نہ بنایا گیا تو امریکہ میں مظاہرے اور فسادات شروع ہو جائیں گے کیونکہ وہ لاکھوں افراد کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔
ایسا ظاہر ہو رہا ہے کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پرائمری انتخابات جاری رہنے اور بہت سی ریاستوں میں ڈونالڈ ٹرمپ کے اپنے حریفوں سے واضح برتری سے ان کے صدارتی عہدے کا امیدوار بننے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔  ڈونالڈ ٹرمپ کے شدت پسند نظریات کو دیکھتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کے رہنماؤں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے کہ ٹرمپ جیسے شخص کے اقتدار میں پہنچنے سے نہ صرف یہ ہے کہ امریکہ کے مسائل میں اضافہ ہو جائے گا بلکہ ریپبلکن پارٹی کی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔
اس طرح اس کے باوجود کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنے دیگر پارٹی حریفوں پر زبردست برتری حاصل ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف پارٹی کے اندر بغاوت اور انہیں صدارتی امیدوار نہ بنانے کا امکان پیش کیا جا رہا ہے۔ بہرحال یہ پہلی بار ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کو کھلم کھلا دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ اگر انہیں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار نہیں بنایا گیا تو ان کے دسیوں لاکھ حامی سڑکوں پر نکل آئیں گے اور امریکہ کو سماجی بحران اور بغاوت سے دوچار کر دیں گے۔

Add new comment