چیئرمین حریت سید علی گیلانی: طالبان مکمل طور پر اسلام دشمنوں کے ایجنٹوں کا کردار ادا کررہے ہیں

 

 

چیئرمین حریت سید علی گیلانی: طالبان مکمل طور پر اسلام دشمنوں کے ایجنٹوں کا کردار ادا کررہے ہیں

ٹی وی شیعہ[آن لائن ڈیسک]چیئرمین حریت سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان بیرونی طاقتوں کی سازشوں کے باعث تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے،طالبان مکمل طور پر اسلام دشمنوں کے ایجنٹوں کا کردار ادا کررہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کراچی ائرپورٹ پر دہشت گردانہ حملے اور تفتان میں شیعہ زائرین کی شہادت سمیت طالبان کی دہشت گردانہ کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیرونی طاقتوں کی سازشوں اور ملک کے اندر موجود بیمار ذہنیت کی وجہ سے تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے اور اس وقت تمام محب وطن پاکستانیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آپسی اختلافات سے اوپر اٹھ کر ملک کو بچانے کی متحد ہوکر کوشش کریں۔ انہوں نے افغانستان میں غیر ملکی قبضے کے خلاف برسر پیکار طالبان قائد ملا محمد عمر سے اپیل کی کہ وہ تحریک طالبان پاکستان کو اس ملک کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے سے باز رکھنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کریں اور انہیں سمجھائیں کہ وہ اسی ٹہنی کو کاٹ رہے ہیں جس پر وہ خود بیٹھے ہیں۔ علی گیلانی نے ائرپورٹ حملے میں متعدد سپاہیوں اور سویلین کے جاں بحق ہونے پر اپنے گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حملے میں جو بھی لوگ ملوث ہوں، وہ اسلام اور اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کے دشمن ہیں اور وہ اپنی ان کارروائیوں کیلئے کسی قسم کا شرعی یا اخلاقی جواز پیش نہیں کرسکتے۔ اسلام ماضی میں طاقت کے ذریعے سے قائم ہوا ہے اور نہ مستقبل میں بموں اور بارود کے ذریعے سے نافذ کیا جاسکتا ہے۔ گیلانی نے کہاکہ اسلام نے باطل قوتوں اور سماج دشمن قوتوں کے خلاف لڑائی لڑنے کا استحقاق صرف سٹیٹ کے لیے محفوظ رکھا ہے اور اس شرعی اصول کو بدل دیا گیا تو دنیا میں ہر جگہ لاقانونیت، بدامنی اور انارکی پھیلے گی اور یہ بات قطعاً بھی اسلام کے مزاج اور منشا کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ہوائی اڈے پرحملے اور ضبط کئے گئے ہتھیاروں سے متعلق جو ابتدائی رپورٹیں دستیاب ہوئی ہیں، ان کے مطابق اس حملے میں غیرملکی ہاتھ کے کردار کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا اور اگرایسا ہے تو پاکستانی حکومت کو کسی مرعوبیت کے بغیر اس کا کھل کر اعلان کرنا چاہیے اور ملوث ملک یا افراد کی نشاندہی کی جانی چاہیے۔گیلانی نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف، فوجی سربراہ راحیل شریف اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور انہیں یقین دلایا کہ کشمیری عوام امتحان کی اس گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ اس ملک کے استحکام، سالمیت اور امن کیلئے دعا گو ہیں۔حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی بدھ کو پولیس کا حصار توڑ کر گھر سے باہر نکل آئے اور انہوں نے ائیرپورٹ روڑ پر احتجاجاً آدھے گھنٹے تک دھرنا دیا۔ دھرنے میں تحریک حریت جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، ایاز اکبر، پیر سیف اﷲ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین، عبدل احد پرہ اور غلام محمد خان سوپوری کے علاوہ سیمینار میں مدعو کئے گئے آزادی پسند راہنما شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، محمد یوسف نقاش اور شبیر احمد ڈار نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے سیمینار پر پابندی لگائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، اس موقع پر پولیس کی ایک بھاری جمعیت طلب کی گئی، البتہ دھرنے میں شامل سینکڑوں لوگ پُرامن طور منتشر ہوگئے اور اس موقع پر کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

Add new comment