امریکا، بشار اسد سے سمجھوتہ کرنے کی کوشش میں

امریکہ کے وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کو ختم کرنے کے لئے جلد از جلد شام کے صدر سے مفاہمت ضروری ہے۔

 

امریکہ کے وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کو ختم کرنے کے لئے جلد از جلد شام کے صدر سے مفاہمت ضروری ہے۔
جان کیری نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جتنی جلدی بشار اسد سے ہماری مفاہمت ہو جائے گی اتنی جلدی ہم داعش کو تباہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آہستہ آہستہ داعش کی صفوں میں شامل ہونے پر روک لگانے اور اس گروہ کے نظریات کو پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہو رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ہم ایک ایسی دنیا میں لوٹنا چاہتے ہیں جہاں ہمیں یہ محسوس ہو سکے کہ ہم مکمل طور پر محفوظ سفر کر سکتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس سال داعش پر سخت حملہ کرنا چاہتے ہیں لیکن تکفیری دہشت گردوں کے نظریات کے اثرات کو ختم کرنے کے لئے برسوں تک کام کرنا ہوگا۔ کیری نے کہا کہ ہم نے القاعدہ کی جڑ کاٹ دی ہے اور یہ گروہ بکھر چکا ہے لیکن اس کے عناصر اب بھی خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔
جان کیری نے کہا کہ اب القاعدہ ہماری زندگی کے لئے مکمل خطرہ نہیں ہے اور اسی لئے ہم داعش سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اگر داعش کو اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا تو اس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک داعش کی حمایت نہیں کرتا اور یہ گروپ الگ تھلگ پڑ گیا ہے اور اسی لئے میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم داعش کو ختم کر دیں گے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ نے اسی طرح کہا کہ جتنی جلد ہم شام میں بشار اسد کے ساتھ مفاہمت تک پہنچ جائیں گے اتنی جلدی ہم داعش کے سلسلے میں اپنے وعدے کو پورا کر دیں گے۔

Add new comment