اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے انقرہ دھماکے کی مذمت

اسلامی تعاون تنظیم نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اتوار کے روز ہونے والے کار بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے انقرہ کار بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو تغزیت پیش کی اور تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم دہشت گردی کے خلاف مہم کی حمایت جاری رکھے گی۔ انھوں نے دنیا کے مختلف ملکوں میں دہشت گردانہ اقدامات کی روک تھام کے لئے علاقائی و عالمی سطح پر مزید تعاون و کوشش اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ ایاد امین مدنی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے۔ دوسری جانب ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے کہا ہے کہ انقرہ کار بم دھماکے کے سلسلے میں گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پینتیس افراد کی لاشوں کو ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا جبکہ دو لاشوں کا ڈی این اے ٹیست کیا جا رہا ہے جن کے بارے میں انھیں یقین ہے کہ ایک لاش حملہ آور شخص اور دوسری اس کے ساتھی کی ہے۔ ترکی کے وزیر اعظم نے ایک بار پھر اس دہشت گردانہ اقدام کا ذمہ دار پی کے کے، کو قرار دیا۔ واضح رہے کہ انقرہ میں اتوار کے روز ایک بس اسٹاپ کے قریب ہونے والے اس کار بم دھماکے میں سینتیس افراد جاں بحق اور ایک سو پـچّیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں نے انقرہ کے کار بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

Add new comment