شام میں ممنوعہ فضائی علاقے کے قیام کی تجویز مسترد

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جمعے کو ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران کہا کہ شام کا بحران، کہ جس کی وجہ سے پورے علاقے کی سیکورٹی متاثر ہوئی ہے، صرف سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتاہے -
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہاکہ شام میں بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ شام کے پڑوسی ملکوں کی سرحدوں پر نگرانی سخت کی جائے اور دہشت گردوں کو ان سرحدوں سے شام میں داخل نہ ہونے دیا جائے -
ان کا کہنا تھا کہ ایران شام میں ان علاقوں کو چھوڑ کرجو دہشت گردوں کے قبضے میں ہیں سبھی علاقوں میں جنگ بندی اور عام شہریوں کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی حمایت کرتاہے -
انہوں نے کہا کہ ایران کا موقف ہے کہ شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی اقوام متحدہ کی کوششوں کے تحت شام کی حکومت اور شام کے ہی ان مخالف گروہوں کے درمیان جو سیاسی مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں مذاکرات کا عمل ہر حال میں جاری رہنا چـاہئے -
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر علاقے خاص طور پر شام، یمن اور عراق میں دہشت گردوں کو استعمال کرنے کی غلط روشوں کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو علاقے کی سلامتی اور استحکام کو پہلے سے بھی زیادہ نقصان پہنچے گا -
دوسری جانب روس نے بھی شام میں ممنوعہ فضائی علاقے کےقیام کی باتوں کو بے معنی قرار دیا ہے

Add new comment