سیاسی ماہرین : رانا ثنااللہ کا استعفی شریف برادران کا ایک نیاڈرامہ
سیاسی ماہرین : رانا ثنااللہ کا استعفی شریف برادران کا ایک نیاڈرامہ
ٹی وی شیعہ [وان ریسرچ ڈیسک]پاکستان میں صوبہ پنجاب کے وزیراعلٰی کے کہنے پر صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناءاللہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق منہاج القرآن سیکریٹیریٹ کے واقعے پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے اپنا استعفٰی وزیراعلٰی کو پیش کیا جس کو منظور کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل پنجاب کے وزیرِاعلٰی میاں شہباز شریف نے لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں، میں نے چند مشکل فیصلے کرنے کا مصمم ارادہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے بقول انہوں نے ڈاکٹر توقیر جو کہ 15 سال سے میرے سیکرٹری اور چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں، ان کو بھی اپنے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ یہ مشکل فیصلے اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ انصاف کا حصول ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کی مسلم لیگ نون کے لیے خدمات بہت ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کے روز پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن کے سیکرٹیریٹ کے قریب پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 97 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کا حکم دیتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر اس کی سماعت کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ پولیس اور منہاج القرآن کے کارکنوں کے درمیان یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب پولیس نے منہاج القرآن سیکرٹیریٹ اور طاہر القادری کے گھر کے اردگرد لگی حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا تھا کہ سیکرٹیریٹ کے اطراف میں حفاظتی رکاوٹیں چار سال پہلے ہائی کورٹ کے حکم پر لگائی گئی تھیں اور حکومت اگر چاہتی تو بات چیت کر کے معاملہ حل کر سکتی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں حکومت نے فوج کی حمایت کرنے کی پاداش میں سزا دی ہے۔ طاہر القادری نے مزید کہا کہ پولیس ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ طاہر القادری کے مطابق وہ وزیراعلٰی شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرائیں گے۔
یادرہے کہ مبصرین نے رانا ثنااللہ کے استعفے کو شریف برادران کا ایک نیاڈرامہ قرار دیاہے ۔سیاسی ماہرین کے مطابق عوامی غیض و غضب سے بچنے کے لئے آپریشن عضب کی مانند یہ استعفیٰ بھی محض ایک چال ہے جس کا مقصد فقط عوامی پریشر کو ختم کرناہے۔
Add new comment