وزیراعلیٰ بلوچستان کا وفاقی حکومت سے درخواست : ایران جانے والے زائرین کیلئے کراچی سے چاہ بہار(زاہدان) تک فری سروس شروع کی جائے۔

ٹی وی شیعہ[ریسرچ رپورٹ]۲۳جنوری ۲۰۱۴ کووزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی کہ ایران جانے والے زائرین کیلئے کراچی سے چاہ بہار تک فری سروس شروع کی جائے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا تھاکہ کراچی سے چاہ بہار تک فری سروس محفوظ اور سستی ہوگی اسلئے ایران جانیوالے زائرین کیلئے فری سروس شروع کی جائے۔ فری سروس زیادہ محفوظ ہے اور زائرین ایک دن میں پہنچ جایا کریں گے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا تھا کہ آپ اس کوئٹہ والے روٹ کو تبدیل کریں ہم زائرین کو جتنا بھی تحفظ دینے کی کوشش کریں انہیں تحفظ نہیں دے سکتے۔ ہم فری سروس کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان  کے اس بیان سے ملت پاکستان خصوصاً زائرین نے بڑے پیمانے پر خیر مقدم کیاتھا تاہم یاد رہے کہ زائرین کے تحفظ کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان کی آواز بھی  نقار خانے میں طوطی کی آواز ثابت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

شیعہ عوام کے قتل قتل و غارت پر حکومتی خاموشی اور زائرین پر ہونے والے متعدد حملوں کے باوجود وفاقی حکومت کی سرد مہری اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ نواز حکومت پاکستان کے اہل تشیع کی حفاظت کے لئے کسی بھی قسم کا سنجیدہ قدم اٹھانے کوتیار نہیں وہ خواہ اہلِ تشیع کے قاتلوں کو سزا دینے اور ان کی گرفتاری کا مسئلہ ہو یا کراچی سے چاہ بہار تک فری سروس کا،سنجیدہ حلقوں کے مطابق پاکستان کے اہل تشیع اور زائرین کو اپنی حفاظت کے لئے متحد ہوکر کراچی سے چاہ بہار تک فری سروس کے لئے آواز بلند کرنی چاہیے۔

Add new comment