تہران کاپاکستانی سفیر نورمحمد جادمانی کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کا اظہار
شیعہ ٹی وی [انٹرنیشنل افئیرز ڈیسک]ایران نے اپنے اغوا ہونے والے 5 سرحدی محافظوں میں سے ایک کے قتل کئے جانے کی اطلاعات پر تہران میں پاکستانی سفیر نورمحمد جادمانی کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے ان سے واقعہ پر شدید احتجاج اور اغوا ہونیوالے محافظوں کو بازیاب کرانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ جاوید ظریف نے سرکاری ٹیلیویژن کو بتایا پاکستانی حکومت اپنی سرحدوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے جو افسوسناک امر ہے۔ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہمارے سرحدی محافظوں کی بازیابی کیلئے سخت اور سنجیدہ اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو کارروایئوں کی اجازت دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا ایرانی بارڈر گارڈز کی بازیابی کیلئے ہم ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ ایران تحفظ کیلئے تمام صلاحیت استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ عبدالرضا رحمانی نے بھی کہا ایران اپنی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔ اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان مراضیہ انجم نے ان اطلاعات پر کہ پاکستانی مقامی حکام نے جیش العدل نامی تنظیم کے ہاتھوں ایک ایرانی سرحدی محافظ دانی فر کے قتل کی تصدیق کردی ہے، پر اپنے ردعمل میں کہا ایرانی حکومت پاکستانی حکومت کے ردعمل کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا سرحدی محافظوں کے اغوا اور ان میں سے ایک مغوی کے قتل کا پاکستان کو جواب دینا ہوگا، ایران دہشت گردوں کی فوری گرفتاری اور انکو ایران کے حوالے کئے جانے اور اغوا ہونیوالے دیگر بارڈر سکیورٹی اہلکاروں کی صحیح سلامت واپسی کیلئے پاکستان کی حکومت کے فوری و ٹھوس اقدام کا خواہاں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہر قسم کا وہ اشتعال انگیز اقدام جو دو برادر ملکوں کے تعلقات کے بُرا اثر ڈالے، اچھی ہمسائیگی کیخلاف ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حکومت اغوا شدہ ایرانی محافظوں کے تحفظ کی ذمہ دار تھی۔ ترجمان نے سرحدی محافظ کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پاکستان ایرانی سرحدی محافظوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ اقدامات میں ناکام رہا ہے اور مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرکے ایران کے حوالے کیا جائے۔ ایرانی صدر نے فون کرکے کہا کہ ہمیں امید ہے پاکستان ایرانی بارڈز گارڈ کی بازیابی کیلئے اقدامات کریگا اور ایران سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دہشتگردوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں، انکا مزید کہنا تھاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتا ہے۔ قبل ازیں پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں ایرانی صوبے سیستان سے اغوا کئے گئے 5 بارڈر گارڈز میں سے ایک کو مبینہ طور پر قتل کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس حوالے سے ایران کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہائی کرائی۔ دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات میں اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ مغوی اہلکاروں کو پاکستانی حدود میں منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ 5 ایرانی بارڈر گارڈز کو 6 ہفتے قبل اس وقت اغوا کر لیا گیا تھا جب وہ پاکستانی سرحد کے قریب گشت پر تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا کی ذمہ داری ’’جیش العدل‘‘ نامی عسکریت پسند گروپ نے قبول کی تھی۔ پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے اس اقدام کی مذمت کرتا ہے اور شہید ہونے والے ایرانی سرحدی محافظ اور دیگر لاپتہ ایرانی سرحدی محافظوں کے غم اور دکھ میں شریک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سرحدی سانحہ کے حوالے سے 19، 20 فروری کو کوئٹہ میں مشترکہ سرحدی کمشن کے اجلاس میں پاکستان نے لاپتہ ایرانی سرحدی محافظوں کا سراغ لگانے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور اس ضمن میں معاونت کیلئے بارڈر کوآرڈینیشن کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ پاکستان کو اپنی تحقیقات میں لاپتہ ایرانی سرحدی محافظوں پاکستان میں داخلہ ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم پاکستان لاپتہ ایرانی سرحدی محافظوں کے حوالے سے کسی بھی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کیلئے تیار ہے۔ پاکستان ایران سے گہرے برادرانہ تعلقات رکھتا ہے اور دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے حوالے سے معاونت کیلئے باہمی قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ایک ایرانی سرحدی محافظ کے قتل کی مذمت کی ہے۔ دریں اثناء پاک ایران سرحد پر ایرانی فورسز نے فائرنگ کی جس سے خاتون زخمی ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ چاغی نے ایرانی حکام سے شدید احتجاج کیا ہے۔ چاغی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چاغی کے علاقے تالاب میں پیش آیا۔ اے ایف پی کے مطابق ایرانی صدر نے وزیراعظم کو دہشت گردوں کیخلاف مشترکہ کوششوں کی بھی پیشکش کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صدر حسن روحانی نے وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف کو فون کرکے ایران کے سرحدی محافظوں کی بازیابی کیلئے کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔
tvshia/urdu
Add new comment