علامہ ناصر عباس ملتانی کی شہادت اور تدفین۔۔۔میڈیا
پاکستان کے شہر لاہور میں نا معلوم موٹر سائیکل سوار مسلح دہشتگردوں نے علامہ ناصر عباس ملتانی کو مسلح افراد نے ایف سی کالج کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ علامہ ناصر کو شدید زخمی حالت میں شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت ان کا ڈرائیور بھی انکے ساتھ تھا جو گاڑی کو بھگا کر فوری طور پر اسپتال لے گیا لیکن علامہ ناصر عباس جانبر نہ ہو سکے۔ علامہ ناصر عباس تحفظ عزاداری کونسل پاکستان صوبہ پنجاب کے نائب صدر اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن تھے۔ اس اندوہناک واقعے پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان، تحفظ عزاداری پاکستان، اور پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ نے شدید مذمت کرتے ہوئے جلد از جلد قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے تین روزہ پر امن سوگ کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں شیعہ مسلمان شخصیات خاص طور سے علمائے کرام کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے مگر حکومت کی جانب سے ابتک اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اقدام عمل میں نہیں لایا گیا ہے اور اگر کسی مجرم کو گرفتار کر بھی لیا جاتا ہے تو پیچیدہ قانونی نظام کی وجہ سے کچھ ہی روز کے اندر وہ رہا کردیا جاتا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابقشہید علامہ ناصر عباس کو ہزاروں عقیدت مندوں اور سوگواروں کی موجودگی میں آہوں، سسکیوں کے ساتھ درگاہ شاہ شمس تبریز میں سپرد خاک کر دیا گیا، سخت سردی اور دھند کے باوجود ان کے سفر آخرت میں شیعہ علما کرام، عمائدین شہر اور شیعہ مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر پرسہ دیتے رہے۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، لاہور سے ان کی میت پہلے ملتان چونگی نمبر 9 لائی گئی، جہاں ہزاروں مظاہرین 9 گھنٹے سے دھرنا دیئے بیٹھے تھے۔ احتجاجی دھرنے کے بعد علامہ ناصر عباس کا جسد خاکی شمس آباد میں واقع ان کے گھر لایا گیا۔ اس سے قبل علامہ ناصر عباس کی نماز جنازہ لاہور میں گورنر ہاوٴس کے باہر ادا کی گئی، نماز جنازہ سے قبل ہزاروں افراد نے دھرنا دیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا، علامہ ناصر عباس کو اتوار کی رات لاہور کے علاقے شادمان میں ایک مجلس عزا میں شرکت کے بعد واپسی پر ایف سی کالج کے نزدیک فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔
Add new comment