امریکہ: ایف بی آئی ڈائریکٹر برطرف
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے جیمز کومے کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اٹارنی جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کی سفارشات کے بعد وہ اس عہدے کے اہل نہیں، اس لیے انہیں برطرف کیا جاتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اٹارنی جنرل کی سفارشات کے بعد کیا گیا تاہم ڈیموکریٹک سینیٹر چک شومر نے فیصلے کو سنگین غلطی قرار دے دیا۔
ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومے نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے ای میل اسکینڈل کی تحقیقات کی تھیں۔ دوسری طرف ڈیموکریٹک سینیٹر چک شومر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کو بڑی غلطی قرار دے دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جیمز کومے کو اس لیے برطرف کیا گیا کیونکہ وہ امریکی الیکشن میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے نتیجے پر پہنچنے والے تھے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کے مطابق جیمز کومے نے سابق وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کی ای میلز کے حوالے سے سینیٹ میں غلط بیانی کی جس کی وجہ سے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیمز کومے کے نام ایک خط بھی لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ جیمز کومے ایف بی آئی کو موثرانداز میں چلانے کے اہل نہیں، ایف بی آئی اہم ادارہ ہے اور نئی امریکی انتظامیہ اس ادارے پرعوام کا اعتماد بحال کرنا چاہتی ہے۔
ٹرمپ کی جانب سے جیمز کومے کو ایک ایسے موقع پرعہدے سے ہٹایا گیا کہ جب وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم اور روس کے درمیان مبینہ تعلقات کی تحقیقات کر رہے تھے۔
Add new comment