فلسطین کی منتخب قیادت سے بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔ایرانی مجلس شوریٰ اسلامی
ٹی وی شیعہ( میڈیا پینل)اسلامی جمہوری ایران نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن معاہدہ طے شدہ شرائط کے مطابق ہی مکمل کیا جانا چاہیے۔ سرحدی امور سمیت دیگر ایشوز پر پاک ایران سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت ہے۔ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے۔ امریکہ نے داخلی دباؤ پر ایران کے ساتھ مذاکرات کئے۔ جنیوا معاہدہ ایرانی شرائط پر طے پایا۔ اسلامی جمہوری ایران نے اعلان کر رکھا ہے کہ جو کچھ بھی ہو اپنا ایٹمی پروگرام جاری رکھے گا۔ گذشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں چھٹی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایرانی مجلس شوریٰ اسلامی کے ڈپٹی اسپیکر ابوترابی فرد نے کہا کہ اسرائیلی غاصب حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے بار بار اسرار پر ہم نے مذاکرات کئے۔ امریکہ نے یورینیم کی افزودگی کا حق تسلیم کر لیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق ایرانی مجلس شوریٰ اسلامی کے ڈپٹی اسپیکر حسن ترابی فرد نے کہا ہے کہ ایران کسی صورت اسرائیل کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے قدم پیچھے نہیں ہٹائے گا۔ اس منصوبے کے حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کرینگے اور پاکستان کی معاونت کے اعلان پر قائم ہیں، توقع ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے تیل منصوبے میں پیشرفت کی حکمت عملی طے کرلینگے۔ امریکہ سے اپنی شرائط اور حقوق پر جوہری معاہدہ کیا ہے۔ ایرانی قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پرامن بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ فلسطین کی منتخب قیادت سے بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ پائیدار امن کا منصوبہ ہے، امن کے حامی ملکوں کو اس منصوبے کی تائید کرنی چاہیے اور دونوں ممالک کی جانب سے پیش رفت کے لئے سازگار فضا قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غاصب ہے، کسی غاصب سے ایران کبھی بات چیت نہیں کرے گا۔ فلسطین کو ان کی سرزمین سے بے دخل کیا گیا، ایران فلسطین کاز کےلئے کردار ادا کرتا رہے گا اور اپنی توانا آواز کو مزید تقویت دینا چاہتے ہیں، سب مسلم ممالک دیرینہ تنازعات کے لئے ہم آواز ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران صرف فلسطین کی منتخب قیادت سے بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ایران، ترکی، پاکستان اور افغانستان کو باہمی طور پر آگے بڑھنا چاہیے۔ کسی بھی ملک کو کوئی بھی بحران درپیش ہو تو ہمیں چاہیے کہ اکٹھے ہوجائیں۔ ایرانی قوم کی اصل طاقت اس کی پارلیمنٹ ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ بااختیار ادارہ ہے اور جوہری معاہدے کو پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل ہو۔ دونوں ممالک کو پیشرفت کی جانب قدم بڑھانا چاہیے۔ ایران نے پاکستان کو مالی مدد کی پیشکش کی تھی اس پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے علاقے میں پائپ لائن بچھا چکا ہے، پاکستان کی جانب سے پیشرفت کے منتظر ہیں۔
این این آئی کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ امید ہے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا، ایران اپنے عوام کے بنیادی حقوق کے بارے میں کسی سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ انہوں نے پیر کو عرب ٹی وی کو ایک خصوصی انٹرویو میں یہ بات کہی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر حداد عادل نے کہا ہے کہ ایشیا دنیا کی دوتہائی آبادی کا براعظم ہے اور محل وقوع کے لحاظ سے بھی انتہائی اہم پوزیشن پر واقع ہے۔ ایشیائی ممالک کو تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہئیں۔ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیا دنیا کے انتہائی اسٹرٹیجک پوائنٹ پر واقع ہے۔ دنیا کی دو تہائی آبادی کے حامل براعظم ایشیا کو معاش، بیروزگاری اور لسانی گرداب سے نکالنا ہوگا۔
Add new comment