ایران چھ ماہ کے اندر ایٹم بم تیار کرلے گا۔اسرائیل

ٹی وی شیعہ(انٹرنیشنل میڈیا)اسرائیلی کابینہ کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مزید مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے، کیوں کہ ان کے بقول ایران چھ ماہ کے اندر ایٹم بم تیار کرلے گا، اسرائیل کے وزیر برائے اسٹریٹجک امور یوول اسٹینیز نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران اب بھی یہ سمجھتا ہے کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھ کر مزید وقت حاصل کرسکتا ہے، ان کےبقول جب تک امریکہ ایران کو فوجی کارروائی کی واضح دھمکی نہیں دے گا، تہران حکومت اپنی جوہری سرگرمیاں نہیں روکے گی، جمعہ کو اسرائیلی اخبار حیوم میں شائع ہونے والے انٹرویو میں یوول اسٹینیز نے کہا ہے کہ وہ اس حقیقت کے قائل ہوچکے ہیں کہ ایران کے ساتھ اب مزید بات چیت کا وقت نہیں رہا اور اسے جوہری بم حاصل کرنے سے روکنے کیلئے فوری اقدام ضروری ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ایرانی قیادت کی جانب سے فاتحانہ لچک اختیار کرنے پر مبنی موقف اپنانے اور امریکہ کی جانب سے اس بابت مثبت اشاروں کو سبوتاژ کرنے کیلئے اسرائیل نے اپنی کوششوں کا آغاز کردیا ہے، اسرائیلی وزیر کا بیان اس حقیقت کی وضاحت کرنے کیلئے کافی ہے۔
اسرائیل کو خیال ہے کہ ایران خفیہ طور پر ایٹم بم تیار کرنے کی کوشش کررہا ہے، لیکن ایرانی حکومت اس الزام کی تردید کرتی آئی ہے، اسرائیلی وزیر نے کہا کہ ایران کے مشتبہ جوہری پروگرام پر چار برسوں سے جاری عالمی مذاکرات کی آڑ میں ایران نے اپنی جوہری صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے، ان کے بقول اگر ایران نے اسی رفتار سے اپنی پیش رفت جاری رکھی تو وہ چھ ماہ کے اندر ایٹم بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کرلے گا، اسرائیل کی حکومت نے ایران کے نئے صدر حسن روحانی کی جانب سے ایرانی جوہری پروگرام پر مغرب کو کی جانے والی مذاکرات کی واضح پیش کش اور جوہری ہتھیار کبھی تیار نہ کرنے کے واضح اعلان کو بھی مسترد کیا ہے، اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ایرانی صدر کے الفاظ سے کسی کو بے وقوف نہیں بننا چاہیئے، بیان میں کہا گیا تھا ایرانی ایسے بیانات دے کر میڈیا کو چکر دے رہے ہیں تاکہ ان کے سینٹری فیوجز کا پہیہ گھومتا رہے۔

Add new comment