پاکستان؛ شیعہ علما کونسل کے ڈویژنل صدر اور ان کا بیٹا شہید
شیعہ علماء کونسل بہاولپور ڈویژن کے صدر شیخ منظور حسین نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے، فائرنگ کے واقعہ میں ان کے بائیس سالہ بیٹے حیدر علی بھی شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار میں جمعہ کے روز شیخ منظور حسین اپنے گھر عباسیہ ٹاون سے یوم القدس کی ریلی میں شرکت کیلئے نکل رہے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شیخ منظور حسین بیٹے سمیت موقع پر شہید ہوگئے۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد شیخ زید اسپتال پہنچ گئی جہاں مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور غم و غصے کا اظہار کیا۔ دوسری طرف اطلاعات ملتے ہی شیعہ تنظیمیں ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او، شیعہ علماء کونسل اور دیگر ماتمی تنظیموں کی طرف سے واقعہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا اور ڈی پی او سہیل ظفر چھٹہ کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ دن بھر رحیمیار خان شہر میں ہڑتال رہی جبکہ ضلع بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا اور سڑکیں بلاک کی گئیں، شیخ منظور اور ان کے بیٹے کی نماز جنازہ آج صبح دس بجے ادا کی جائیگی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شہر کے پرامن حالات کو خراب کرنے میں ڈی پی او سہیل ظفر چھٹہ ملوث ہیں، کیونکہ انہیں کئی بار شہر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا تھا لیکن انہوں نے جان بوجھ کر چشم پوشی کی، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او صاحب اکثر و بیشتر دہشتگردوں کے سرغنہ ملک اسحاق کے گھر جاتے ہیں اور کئی مرتبہ اس کے ہاں ڈنر بھی کرچکے ہیں۔ مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے رکن پور میں عزاداری کے جلوس پر ڈی پی او کی سرپرستی میں کالعدم سپاہ صحابہ سے فائرنگ کروائی گئی اور علاقے کے پرامن حالات کو خراب کروایا گیا۔ یاد رہے کہ ایک ماہ پہلے ڈی پی او سہیل چھٹہ کے حکم پر شہر کے مختلف علاقوں میں سالہا سال سے جاری روایتی مجالس کو رکوا دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل میں ڈی پی او سہیل ظفر چھٹہ کو حکومت پنجاب کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔
اسلام ٹائمز
Add new comment