بلوچستان کے حالات بہتر نہیں، اختر مینگل

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ نواب اختر مینگل اپنی خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے آج دبئی سے کراچی پہنچ گئے۔

کراچی سے ھمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی این پی کےسربراہ اخترمینگل نےآج وطن واپس پہنچنے پر کراچی ایئر پورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا ماحول اب بھی خراب ہے،بلوچستان کے حالات میں بہتری نہیں آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل پارٹی اجلاس میں بلوچستان کی صورت حال کا جائزہ لیا جائیگا۔انہوں نے اس بات کی تر دید کی کہ وہ نگراں وزیراعلیٰ کے کہنے پر پاکستان آئے ہیں ۔ تاھم اس سے قبل بلوچستان نیشنل پارٹی کےنائب صدرایڈوکیٹ ساجد ترین نےریڈیوتہران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاتھا کہ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے نواب اختر مینگل سے فون پر رابطہ کیا اور انھیں اپنی جلا وطنی ختم کر کے پاکستان آنے کا مشورہ دیتے ہوئے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ نواب اختر مینگل کی صوبائی حکومت کو اس وقت بر طرف کر دیا گيا تھا کہ جب مرکز میں میاں نواز شریف کی حکومت تھی ،اور نواب اختر مینگل نے بلوچستان کے سابق وزیر اعلی اور گورنر نواب اکبر بگٹی کی فوجی آپریشن میں قتل کے بعد پاکستان کو خیر باد کہہ کر دبئی میں خود ساختہ جلا وطنی اختیار کی۔

Add new comment