امریکی و اسرائیلی ایجنٹوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے
پاکستان موجودہ دور میں ملک دشمن قوتوں اور ان کے مقامی ایجنٹوں کی سازشوں کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے کسی کونے میں ٹارگٹ کلنگ تو کسی کونے میں آبادیوں کو بم دھماکوں سے اڑائے جانے کے مناظر نظر آ رہے ہیں۔ اسی طرح افواج پاکستان، مساجد، مزارات اولیاء اللہ، الغرض تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کو خواہ وہ درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہو یا شعبہ طب سے وابستہ ہو یا پھر انصاف کی فراہمی کے شعبہ وکالت سے وابستہ ہو، ہر کسی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سرزمین پاکستان کے خلاف ایسی خطرناک سازشیں کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد مملکت خداداد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور سامراجی شیطانی قوتوں کے ناپاک عزائم کی تکمیل کو انجام دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن علامہ صادق رضا تقوی نے امام بارگاہ علی رضا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسلام ٹائمز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں جب پورے ملک کے کونے کونے میں ان غیر ملکی دہشت گرد قوتوں کے مقامی ایجنٹوں نے پاکستان کے باسیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رکھا ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن قوتیں خواہ وہ بیرونی ہوں یا اندرونی ایجنٹ ہوں، ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر خاک میں ملا دیا جائے گا۔ لہٰذا اسی حوالے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ نے اعلان کیا ہے کہ 24 مارچ بروز اتوار کو حیدرآباد بائی پاس پر عظیم الشان ’’ قرآن و اہلبیت (ع) ‘‘ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ قرآن و اہل بیت (ع) کانفرنس ملک میں جاری غیر ملکی و اندرونی سازشوں کا قلع قمع کرنے اور دشمنان اسلام کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے اور استحکام پاکستان کی ضمانت کے مترادف ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 24 مارچ اتوار کو حیدرآباد میں عظیم الشان اجتماع ہوگا، جس میں سندھ بھر سے لاکھوں موالیان اہل بیت علیہم السلام اور شیعیان حیدر کرار (ع) محب وطن پاکستانی شریک ہوں گے اور ثابت کر دیں گے کہ پاکستان کے عوام سرزمین پاکستان پر امریکی و اسرائیلی اور ان کے مقامی ایجنٹوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 24 مارچ کا عظیم الشان اجتماع اولیاء اللہ کے ماننے والوں، صوفیوں کے چاہنے والوں اور محب وطن پاکستانیوں کا تاریخ ساز اجتماع ہوگا، جو استحکام پاکستان کی ضمانت ثابت ہوگا۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ 24 مارچ کو حیدرآباد میں ہونے والے عظیم الشان اجتماع ’’ قرآن و اہلبیت (ع) کانفرنس‘‘ کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ سندھ بھر سمیت کراچی سے کارروان ہفتے کے روز روانہ ہوجائیں گے اور حیدر آباد پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے اجتماع کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل بھی دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی حیرت انگیز ہے کہ مملکت خداداد پاکستان میں جہاں ایک طرف دہشت گردوں کو کھلی آزادی دے دی گئی ہے، وہاں دوسری طرف محب وطن قوتوں کو دیوار سے لگانے کی گھناؤنی سازشیں ہمارے ریاستی ادارے ہی کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ ایسے حالات میں کہ جب انتخابات کا عمل جاری ہے اور پولیس حکام کی جانب سے سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر 24 مارچ کے جلسے کی اجازت نہ دینا انتہائی شرمناک فعل ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کو عملی طور پر دہشت گرد قوتوں اور ملک دشمن قوتوں کے حوالے کرنے کا ریاستی اداروں کی جانب سے پروگرام تشکیل دیا جاچکا ہے۔ اگر انتظامیہ نے 24 مارچ کے عظیم الشان اجتماع کو روکنے کی کوشش کی تو سندھ بھر میں اس کے سخت نتائج برآمد ہوں گے اور حالات کی ذمہ داری آئی جی سندھ پولیس اور دیگر اعلٰی حکام سمیت نگران وزیراعلٰی جسٹس (ر) زاہد قربان علی پر عائد ہوگی۔
علامہ صادق تقوی نے وزیراعلٰی جسٹس (ر) زاہد قربان علی سے مطالبہ کیا کہ وہ 24 مارچ کو ہونیوالے عظیم الشان اجتماع کے لئے فول پروف سکیورٹی کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ہم وزیراعلٰی سندھ کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ جلسہ ہرحال میں ہوگا اور اگر کسی نے جلسہ میں رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوشش کی تو سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ بھر میں اولیاء اللہ کے مزارات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے دہشت گردوں اور معصوم انسانوں کو بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں قتل کرنے والے ملک دشمن دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے اور محب وطن قوتوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والی ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
Add new comment