وزیراعلی ہاؤس میں متاثرین عباس ٹاؤن کو مضر صحت پانی پلادیا گیا
پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ کے صدر مقام کراچی میں واقع وزیراعلی ہاؤس میں متاثرین عباس ٹاؤن کو مضر صحت پانی پلادیا گیا جس کے نتیجے میں دس خواتین بے ہوش ہوگئیں۔
یاد رہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں گزشتہ دنوں ہونے والے بم دھماکوں میں 51 افراد شھید اور 140سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
دی نیوز ٹرائب کے نمائندے کے مطابق ہلاک شدگان کے لواحقین کو امدادی چیک دینے کے لیے آج وزیراعلی ہاؤس بلایا گیا تھا جہاں دن بارہ بجے وزیراعلی سید قائم علی شاہ کو متاثرین سے خطاب اور امدادی تقسیم کیا جانا تھا۔
نمائندے کے مطابق تقریب شروع ہونے سے کچھ دیر قبل اگلی نشستوں پر بیٹھی خواتین نے پیاس بجھانے کے لیے پانی طلب کیا جس پر انہیں وہاں موجود عملے نے مضر صحت پانی پیش کیا جسے پیتے ہی ان کی حالت بگڑگئی۔
تقریب میں شریک مضر صحت پانی پینے والی ایک خاتون واقع کی تفصیل بتاتے ہوئے بے ہوش ہوگئی۔
مذکورہ واقعہ کے بعد تقریب شروع نہ ہوسکی جب کہ وزیراعلی ہاؤس کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنا فون بند کردیا ہے تاہم واقعہ کی خبر نشر ہونے کے بعد انہوں نے وضاحتی بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کیٹرنگ والے کے پانی میں خرابی تھی۔
اس ضمن میں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سانحہ عباس ٹاؤن کو چیک دینے کی تقریب اس دن منعقد کی جارہی جب کسی بھی وقت صوبائی اسمبلی تحلیل کی جاسکتی ہے۔
Add new comment