صدر زرداری عباس ٹائون متاثرین کی دادرسی کریں: مجلس وحدت المسلمین

مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے رہنمائوں نے صدرآصف زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سانحہ عباس ٹائون کے شہداء اور زخمیوں سمیت متاثرین کو جلدازجلد ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں اور بیوروکریسی میں شامل کالی بھیڑوں کو جو ریلیف کی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہداء کو جلد معاوضے کی رقم ادا کی جائے، سانحہ عباس ٹائون میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور شیعہ نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ فوری بند کیاجائے۔یہ مطالبات مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ ابوزر مہدوی نے بدھ کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا حیدر عباس عابدی، مولانا قرزیدی صابر کر بلائی ودیر رہنما بھی موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ سانحہ عباس ٹائون کے 50سے زائد ایسے زخمی افراد جن کے نام فہرست میں تو موجود ہیں لیکن کمشنر کراچی نے اپنی فہرست میں شامل نہیں کیا۔ شیعہ رہنمائوں نے کہا کہ کمشنر کراچی زرداری کے افسران سانحہ عباس ٹائون کے زخمیوں کو امدادی رقوم کے چیک دینے میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں اگر رکاوٹوں کا یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاج کیاجائے گا، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ کمشنر کراچی ایڈیشنل کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ملیر کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا فوری نوٹس لیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ عباس ٹائون کے بعد شہداء کے ورثاء کے لیے 15لاکھ روپے فی کس اعلان کردہ معاوضہ فوری ادا کیاجائے۔

Add new comment