طالبان کے حملے میں 70 افغان فوجی ہلاک
مزار شریف کے قریب واقع افغان فوج کی ایک چھاونی پر طالبان کے حملے میں ہلاک ہونے والے افغان فوجیوں کی تعداد ستّر ہوگئی ہے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ مسلح طالبان کے ایک گروپ نے جمعے کو صوبہ بلخ کے شہر مزار شریف کے قریب واقع افغان فوج کی ایک چھاونی پر حملہ کیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ افغان فوج کی وردی میں ملبوس طالبان حملہ آورں نے مذکورہ چھاونی پر اس وقت حملہ کردیا جب فوجی اہلکار نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھے۔ طالبان عناصر نے پہلے بموں کے دھماکے کیے اور پھر چھاونی میں داخل ہوگئے جہاں افغان سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ انکی جھڑپیں بھی ہوئیں۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے بتایا ہے کہ افغان فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ طالبان حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا۔
مذکورہ چھاونی میں غیر ملکی فوجی بھی تعینات ہیں تاہم حکام نے کسی بھی غیر ملکی فوجی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔
Add new comment