الحدیدہ پر سعودی لڑاکا طیاروں کی بمباری/ گیارہ افراد شہید
یمن کے صوبہ الحدیدہ پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں گیارہ افراد شہید ہو گئے ہیں-
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا نے ایک مقامی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے منگل کو بیت الفقیہ علاقے میں ایک سرکاری عمارت کے قریب بمباری کر کے دس عام شہریوں کو شہید اور ایک کو زخمی کر دیا- یمن کے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ الحوک علاقے کے الشیما تعلیمی کامپلکس پر بمباری میں بھی ایک خاتون شہید اور ایک زخمی ہو گئی- سعودی عرب کے جارح لڑاکا طیاروں نے المنصوریہ کے الفوز اسکول پر بھی بمباری کی ہے- سعودی عرب ایسے عالم میں یمن کے تعلیمی مراکز اور اسکولوں کو نشانہ بنا رہا ہے کہ جب، طلبہ آج کل سالانہ امتحان دینے کی تیاری کر رہے ہیں- سعودی عرب کے لڑاکا طیارے اپنے اتحادیوں کی مدد سے مارچ کے مہینے سے یمن کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک چار ہزار چھے سو سے زیادہ افراد شہید اور ہزاروں افراد زخمی ہو چکے ہیں- سعودی عرب، جس نے یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانے سمیت مختلف اہداف کے حصول کے لئے رائے عامہ کو دھوکا دے کر اس ملک پر جنگ مسلط کی ہے، اب یمن کی دلدل میں پھنس چکا ہے- ریاض کو یمن پر حملے سے اب تک کچھ حاصل نہیں ہوا ہے-
Add new comment