کراچی پرسوگوار، شہید فراز کی نماز جنازہ و تدفین + تصاویر
شہید فراز کی نماز جنازہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی کی زیر اقتدا مسجد و امام بارگاہ خیر العمل انچولی میں ادا کی گئی، شہید کو وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا، اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی نے شہید کی تلقین پڑھائی اور مصائب اہلبیتؑ بیان کئے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں گزشتہ روز امام بارگاہ در عباسؑ پر دستی بم حملے میں شہید ہونے والے کمسن عزادار فراز کی نماز جنازہ مسجد و امام بارگاہ خیر العمل انچولی سوسائٹی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی کی زیر اقتدا ادا کر دی گئی، جس میں عزاداروں کی بہت بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، میثم عابدی، ظہیر حیدر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بعد ازاں شہید فراز کا جسد خاکی وادئ حسین قبرستان سپر ہائی وے لے جایا گیا، جہاں ان کی تدفین کی گئی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے شہید کی تلقین پڑھائی اور مصائب اہلبیتؑ بیان کئے۔
Add new comment