سعودی عرب مصر، یمن اور شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرتا تو امت تقسیم نہ ہوتی، پیر معصوم نقوی
جمعیت علماء پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم نقوی نے واضح کیا ہے کہ سعود ی عرب اور اتحادی ممالک کو فلسطینیوں پر مظالم کرنیوالے اسرائیل کیخلاف جہاد کا اعلان کرنا چاہیے، حزب اللہ کو دہشتگرد قرار دینے سے ثابت ہوگیا ہے کہ فلسطین کی آزاد ی میں رکاوٹ ڈالنے والے کون ہیں؟۔ لاہور میں جے یو پی کے مرکزی سینر نائب صدر پیر اختر رسول قادری اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد حسین چشتی سے گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ سعودی حکمرانوں کے تحفظ کیلئے تشکیل دیئے جانیوالے 34 رکنی اتحاد کی سرگرمیوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ ان کا ہدف دہشتگردی نہیں، ایران اور اس کے اتحادی ممالک ہیں جن کیخلاف محاذ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ شیعہ اور حماس سنی ہے، مگر دونوں فلسطین کی آزادی اور تحفظ کیلئے کوشاں ہیں، عرب ممالک کو امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشوں کو پروان نہیں چڑھانا چاہیے، اس سے مزید انتشار، بدامنی اور دہشتگردی بڑھے گی، یمن اور شام میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے کون نہیں جانتا؟ اس لئے بہتر ہوگا کہ او آئی سی اپنا کردار ادا کرے اور صرف ایک ملک کیخلاف محاذ بنانے کی بجائے اسرائیل اور امریکہ کیخلاف اتحاد تشکیل دیا جائے تاکہ امت مسلمہ کی مضبوطی کا احساس پیدا ہو ورنہ ٹکروں میں بٹے رہے تو مزید انتشار بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ سعودی عرب مصر، یمن اور شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرتا تو امت تقسیم بھی نہ ہوتی مگر لگتا ہے کہ امت کی تقسیم چاہنے والے خاصے متحرک ہو چکے ہیں جن میں پاکستان کو بھی پھنسایا جارہا ہے۔
Add new comment