پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر کی تعیناتی
ٹی وی شیعہ[ ریسرچ ڈیسک]لبنان میں تعینات سعودی سفیر علی عواض العسیری کو پاکستان میں سعودی سفیر کے طور پر لایا گیا ہے۔ پاکستان جہاں سعودی عرب کا پوری دنیا میں سب سے بڑا سفارت خانہ موجود ہے، میں علی عواض العسیری کو سعودی بادشاہ کا خاص سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ لبنان کہ جسے عرب دنیا کے سیاسی کچن سے تعبیر کیا جاتا ہے، جہاں کی سیاست پوری عرب دنیا کی سیاست کے امور پر اثرا انداز ہوتی ہے، وہاں پر کبھی بھی غیر اہم شخص سعودی سفیر نہیں رہا۔ لہذا علی عواض العسیری کی اہمیت اور شخصیت کی اہمیت کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے، جنھوں نے ہمیشہ لبنان میں مستقبل پارٹی اور اس کے لیڈر سعد الحریری کی حمایت کی اور سعد الحریری ان کی ہی مدد سے کئی دفعہ اقتدار میں آئے اور گذشتہ تین سالوں میں جب شام کے حالات اور سیاست میں سعودیہ نے براہ راست مداخلت کی تو بھی اس خطے میں علی عواض العسیری کی لبنان میں موجودگی اس کی شخصیت کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔
علی عواض العسیری جو کہ سعودی انٹیلی جنس کے عہدیدار بھی رہ چکے ہیں، اب پاکستان میں سعودی بادشاہ کے خاص سفیر کی حیثیت سے زیادہ اختیارات کے ساتھ آ رہے ہیں۔ لبنان میں اپنی تعیناتی سے پہلے بھی 9 سال تک پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر رہ چکے ہیں اور یہ گذشتہ دھائی کا ابتدائی عرصہ تھا، جس دور میں افغانستان کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے تھے۔ علی عواض العسیری ایک ایسے شخص کے طور پر جانے جاتے ہیں، جن کے پاکستان کی اسٹبلشمنٹ سے بہت اچھے تعلقات ہیں اور وہ ایک بار پھر اس وقت پاکستان آ رہے جب کہ خطے کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ ان کی یہ تعیناتی دراصل شام کی جنگ کی ایک کڑی ہے اور شام کے باغیوں کی تربیت کے لیے ان کو یہاں پر راہ ہموار کرنے کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
دوسری طرف افغانستان سے غیر ملکی فوجیں نکلنے کے بعد بھی صورتحال تبدیل ہو رہی ہے، ممکن ہے یہ تعیناتی اس تناظر میں ہو یا اس وقت خود پاکستان میں داخلی طور پر حکومت اور اسٹیبلشمنٹ مقابلے میں کھڑے نظر آ رہے ہیں، نواز شریف کی سعودی نواز حکومت کو کیا اس مشکل سے نکالنے کے لیے ان کو پاکستان بھیجا جا رہا ہے، یہ سب سوال ہیں جو کہ اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں، لیکن یہ بات تو یقینی ہے کہ سعودی عرب کی اس علاقے کی سیاست میں دلچسپی غیر معمولی ہے۔
رپورٹ: این ایچ نقوی
Add new comment