ہمارا عقیدہٴ عصمت ائمہ (ع)
شیعہ جعفری فرقہ عقیدہ رکھتا ہے کہ یہ ائمہ اطہار (ع)وہ ہیں جن کے دامن پر تاریخ نہ کوئی لغزش لکھ سکی اور نہ کسی خطا کو ثابت کر پائی ، نہ قول میں اور نہ عمل میں، انہوں نے اپنے وافر علوم کے ذریعہ امت مسلمہ کی خدمت کی ہے ، اور اپنی عمیق معرفت، سالم اور عمیق فکر کے ذریعہ ،عقیدہ و شریعت ، اخلاق و آداب ، تفسیر و تاریخ اور مستقبل کے لائحہ عمل کو صحیح جہت عطا کی ہے ، اور ہر میدان میں اسلامی ثقافت کو محفوظ کردیا ہے جیسے انہوں نے اپنے قول اور عمل کے ذریعہ، چندایسے منفردا ور ممتاز ، نیک سیرت اورپاک کردارمردوں اور عورتوں کی تربیت کی ہے ، جن کے فضل و علم ، اور حسن سیرت کے سبہی قائل ہیں۔
اور شیعہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ اگرچہ ( یہ بہت افسوس کا مقام ہے کہ ) امت اسلامیہ نے ان کو سیاسی قیادت سے دور رکھا، لیکن انہوں نے پھر بھی عقائد کے اصول اور شریعت کے قواعد و احکام کی حفاظت کرکے اپنی فکری اور اجتماعی ذمہ داری بہترین طور سے ادا کی ہے ۔
چنانچہ ملت مسلمہ اگر انہیں سیاسی قیادت کا موقع دیتی جسے رسول اسلام (ص)نے خدا کے حکم سے ان کو سونپا تھا ، تو یقیناً اسلامی امت سعادت و عزت اور مکمل عظمت حاصل کرتی،اور یہ امت متحد و متفق اور یگانہ رہتی،اور کسی طرح کا شقاق ، اختلاف ، نزاع ، لڑائی ، جھگڑا ، قتل و غارت اور ذلت و رسوائی نہ دیکھنا پڑتی ۔
Add new comment