ایران میں برطانوی جاسوس گرفتار۔میڈیا
ٹی وی شیعہ(ویب نیوز)اسلامی جمہوری ایران نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے جنوب مشرقی شہر کرمان سے ایک جاسوس کو پکڑا ہے جس کا تعلق برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 سے ہے۔ کرمان کی انقلابی عدالت کے سربراہ دادخدا سالاری کا کہنا ہے برطانیہ کے اس جاسوس کو ایک پیچیدہ اطلاعاتی خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیا گیا ہے۔ دادخدا سالاری نے مزید بتایا ہے کہ مبینہ جاسوس رابرٹ لیونسن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایران کے اندر اور باہر 4 برطانوی انٹیلی جنس اہلکاروں سے 11 مرتبہ حضوری ملاقاتیں کی ہیں اور ہر مرتبہ مطلوبہ اطلاعات انہیں تحویل دیتا رہا ہے۔ کرمان کی انقلابی عدالت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا ہے اور ان کا مقدمہ شروع ہوچکا ہے۔ دادخدا سالاری نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس جاسوس نے اسلامی جمہوری ایران کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے کچھ طریقے بھی برطانیہ کی اس خفیہ ایجنسی سے سیکھے ہیں۔ کرمان کی انقلاب عدالت کے سربراہ نے وضاحت کی کہ اس جاسوس کے برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کے جن چار افسران سے رابطے تھے، انہوں نے اسے ایران سے مطلوبہ اطلاعات جمع کرنے اور پھر انہیں ان افسران تک منتقل کرنے کی ہدایات دے رکھی تھیں۔ دادخدا سالاری نے آخر میں یہ بھی بتایا کہ اس جاسوس کیخلاف کیس عدالت میں چل رہا ہے اور اس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
Add new comment