قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکی موصول


 

ٹی وی شیعہ(ویب ڈیسک) قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفی رمدے کو کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سکیورٹی سخت کرنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم کی جانب سے دھمکی آمیز خط بھیجے جانے کے بعد ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دفتر سے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں نہ صرف قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل مصطفی رمدے اور لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں واقع ایڈووکیٹ جنرل آفس کی سکیورٹی سخت کرنے اور وائرلیس کنٹرول سسٹم لگانے کا بھی کہا گیا ہے جبکہ پولیس حکام کو انکی رہائشگاہ پر بھی نفری تعینات کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل تعینات رہنے والے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اوشتر اوصاف کی گھر پر تعینات سکیورٹی ابھی تک واپس نہیں کی گئی جبکہ قائم مقام ایڈووکیٹ جنرل کیساتھ صرف ایڈووکیٹ جنرل آفس پر تعینات ہی سکیورٹی ہمراہ ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس خط کے موصول ہونے کے بعد پولیس نے سکیورٹی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور ایڈووکیٹ جنرل آفس کو آنیوالے راستے پر واک تھرو گیٹ نصب کر دیا گیا ہے۔

Add new comment