نواز شریف کی امریکہ روانگی اور پاکستان میں دھماکے
ٹی وی شیعہ (ریسرچ سیکشن)وزیر اعظم نواز شریف نور خان ائر بیس اسلام آباد سے امریکہ کے دورے کیلئے روانہ ہوگئے۔ دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم نواز شریف 27 ستمبرکوجنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔وزیر اعظم نواز شریف آج رات لندن میں قیام کے بعد کل امریکا روانہ ہوں گے۔وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران وزیر اعظم بھارتی ہم منصب سمیت عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔وزیر اعظم کی امیر کویت،جاپان کے وزیر اعظم،یورپی یونین کے صدر ،نیٹو کے سیکرٹری جنرل،آئی ایم ایف کے مینجنگ ڈایریکٹر سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔وزیر اعظم کی دورے میں بل گیٹس ،سعودی عرب کے سعود الفیصل ،ڈینمارک کے اعلی حکام اور چایئنہ کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔ادھرآج پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں اتوار کو دو خودکش بم دھماکوں میں کم ازکم 50 افراد ہلاک اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پشاور کے مصروف علاقے کوہاٹی گیٹ میں ایک گرجا گھر کے احاطے میں دو خودکش حملہ آوروں نے گھس کر یکے بعد دیگرے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
پشاور کے کمشنر صاحبزادہ انیس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ زخمیوں میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
گنجان آباد علاقے میں جب یہ دھماکا ہوا تو اُس وقت چرچ میں لگ بھگ چھ سو افراد دعائیہ تقریب میں شریک تھے۔
حکام کے مطابق چرچ کی سکیورٹی پر معمور دو پولیس اہلکاروں میں سے ایک ہلاک جب کہ ایک شدید زخمی ہوا ہے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
جائے وقوع پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے یہاں سے شواہد جمع کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پاکستان کا شمال مغربی خطہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جب کہ اس سے قبل بھی یہاں مساجد، امام بارگاہوں اور مختلف مذہبی مقامات پر بم حملوں سمیت سرکاری تنصیبات و اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
فوری طور پر کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم قبائلی علاقوں میں روپوش شدت پسند اس سے قبل بھی ملک اور صوبے کے مختلف علاقوں میں پرتشدد کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔
گزشتہ اتوار کو خیبر پختونخواہ کے ضلع دیر بالا میں شدت پسندوں نے سڑک میں نصب بم سے فوج کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا جس میں ایک میجر جنرل سمیت تین اہلکار ہو گئے تھے۔
میاں نواز شریف امریکہ اور دہشت گروں دونوں کے لئے محبت بھرے جذبات رکھتے ہیں۔امید ہے کہ دھماکے ان کی آنکھیں کھولنے کا باعث بنیں گے۔
Add new comment