شام سے متعلق جنگی مجرموں کی فہرست ہمارے پاس موجود ہے۔اقوام متحدہ
ٹی وی شیعہ(انفارمیشن سیل)شام میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق تمام فریق جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ باغی ملیشیاء اور غیرملکی عسکریت پسند بڑے پیمانے پر تشدد اور ریپ یعنی جنسی استحصال کے واقعات میں ملوث ہیں، رپورٹ کے مطابق حکومتی افواج نے کلسٹر بموں کا بہت استعمال کیا ہے، جبکہ باغی بالخصوص غیر ملکی عسکریت پسند شام کے عوام پر الزام عائد کرتے ہیں اور صفائی کا موقع دیئے بغیر ہی انہیں قتل کردیتے ہیں، رپورٹ کے مصنف اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ان افراد کے ناموں کی طویل فہرست موجود ہے جنہوں نے جنگی جرائم کئے ہیں اور ان کو انصاف کے کٹہرے تک لایا جانا چاہیئے، ان تفتیش کاروں کو شام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور انھوں نے عینی شاہدین کے بیانات، ویڈیو، گواہیوں اور سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے یہ رپورٹ تیار کی ہے۔
یہ رپورٹ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی حکام کے مطابق وزیرِ خارجہ جان کیری جمعرات کو اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کررہے ہیں، علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا شام کے معاملے پر ایک اہم اجلاس ہونا تھا، لیکن اسے مزید مشاورت کیلئے منسوخ کردیا گیا، روس نے اس اجلاس کی درخواست کی تھی جسے بعد میں اس نے واپس لے لیا۔
ادھر روس نے موقف اختیار کیا ہے کہ انھیں کوئی بھی ایسی قرارداد قابلِ قبول نہیں ہوگی جس میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی ذمہ داری شام پر ڈالی جائے، روس نے زور دیا ہے کہ ان کی طرف سے شامی کیمیائی ہتھیاروں کو بین الاقوامی کنٹرول میں دینے کی تجویز کی حمایت کی جائے۔
بشکریہ میزان نیوز
Add new comment