عرب بادشاہتیں امت مسلمہ کی بجائے امریکی مفادات کیلئے استعمال ہو رہی ہیں، شمشاد احمد خان

شمشاد احمد خان

پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن تعمیر کرنے میں عالمی قانون رکاوٹ نہیں۔ پاکستان ویژنری فورم کے زیراہتمام ٹیک کلب لاہور کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے شمشاد احمد خان نے کہا کہ ایران ترکی کو بڑے عرصے سے گیس فراہم کر رہا ہے، کسی نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے اور گوادر پورٹ کو چین کے حوالے کرنے کے منصوبے پر امریکی آقاوں کے دباو میں کام نہیں کیا، اور اقتدار کے آخری مہینوں میں اس پر فیصلے کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کا ڈرامہ رچایا گیا۔ تاکہ انتخابات میں فائدہ ہو اور منفی اثرات آنے والی حکومت کو برداشت کرنے پڑیں۔

سابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ شام میں بیرونی مداخلت امریکی اشارے پر عرب ریاستوں نے کی ہے۔ جس سے مسلمان ہی کمزور ہو رہے ہیں۔ جیسے ایران کے اسلامی انقلاب کے بعد عراق سے حملہ کروا کر جنگ میں الجھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عرب بادشاہتیں امت مسلمہ نہیں، امریکی مفادات کے لئے استعمال ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر میں حسنی مبارک کے بعد امریکہ البرادعی کو حکمران لانا چاہتا تھا۔ اس لئے اخوان المسلمون کی کامیابی یورپ کو ہضم ہوئی اور نہ ہی مصری فوج کو۔ انہوں نے کہا کہ 57 مسلم ممالک دنیا بھر کی توانائی کی ضروریات پوری کر رہے ہیں، لیکن عالمی جی ڈی پی میں ان کا حصہ صرف پانچ فیصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اہم عرب ریاستوں میں امریکی اڈے قائم ہیں۔ شمشاد احمد خان نے کہا کہ یورپ میں جمہوری نظام سترہویں صدی میں متعارف ہوا، جو چودہ سو سال پہلے اسلام نے دیا تھا، مگر خلفائے راشدین کے بعد اسے ملوکیت میں تبدیل کر دیا گیا۔

 

www.islamtimes.org

Add new comment