ملت جعفریہ کی قوت بن کر ووٹ کی طاقت سے آل سعود کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا حیدرآباد میں کانفرنس سے خطاب
ہم پاکستان کے وارث ہیں اور پاکستان کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔آئندہ سال ملت جعفریہ کی سیاسی جد وجہد اور ملت کے عزم و استقلال کا سال ہے اور ملت جعفریہ ملک کی بڑی جماعت بن کرملک دشمن قوتوں کی نابودی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے حیدر آباد بائی پاس پر منعقدہ ’’قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قرآن و اہل بیت کانفرنس کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام کیا گیا تھا جس میں سندھ بھر سے لاکھوں کی تعداد میں محبان اہل بیت علیہم السلام اور موالیان اولیاء اللہ نے شرکت کی ۔اجتماع میں خواتین،بچوں اور جوانوں سمیت بزرگوں اور علمائے کرام سمیت ذاکرین عظام،خطباء،شعرائے کرام،منقبت خوان اور نوحہ خوانوں نے شرکت کی ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے منعقدہ قرآن و اہل بیت کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور مرد وں سمیت معصوم بچے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ شرکاء نے سروں پر سرخ اور سبز پٹیاں باند ھ رکھی ہیں جس پر لبیک یا رسول اللہ (ص)، لبیک یاحسین علیہ السلام، لبیک یا مہدی(عج) اور شہادت سعادت کے نعرے آویزاں تھے۔
حیدر آباد بائی پاس پر منعقدہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی ،مرکزی رہنما مولانا احمد اقبال رضوی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا مختار حسین امامی ،حیدر آباد کے سیکرٹری جنرل مولانا امدادنسیمی،مرکزی رکن شورائے عالی مولانا شیخ حسن صلاح الدین ،مولانا حیدر عباس عابدی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا اصغر عسکری،سیکرٹری جنرل کراچی مولانا صادق رضا تقوی اور مولانا عقیل موسیٰ سمیت مولانا منور نقوی،مولانا محمد علی الحسینی ،مولانا علی انور جعفری اور اصغر زیدی سمیت دیگر شریک تھے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام حیدر آباد بائی پاس پرمنعقدہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سندھ کی سر زمین اولیائے اللہ کی سر زمین ہے اور دہشت گردوں کے خلاف استقامت کی عظیم نشانی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی سر زمین آج شیعہ و سنی مسلمانوں کے خون سے رنگین ہے اور ملک دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناپاک سازشوں میں مصروف عمل ہیں۔علامہ ناصر عباس کاکہنا تھا کہ پاکستان کے شیعہ و سنی ملک کے باوفا اور محب وطن شہری ہیں اور مملکت کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا عملی طور پر نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نام نہاداسلامی ملک اور ان کے حامی گروہ پاکستان امریکی و اسرائیلی ایماء پر شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں اور ملک میں شیعہ آبادی کے تناسب کو کم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔.
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان ملک کی تباہی اور بربادی پر خاموش تماشائی نہیں بنی رہ سکتی اور ملت جعفریہ پاکستان غاروں میں نہیں بلکہ میدان عمل میں رہنے والی ملت و قوم ہے جس نے ہمیشہ اسلام دشمن اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف قیام کیا اور باطل و طاغوتی قوتوں کو شکست سے دوچار کیا ہے۔علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ ہم اور ہماری ملت میدان میں موجود رہے گی اور سخت سے سخت حالات میں بھی دشمن کی سازشوں کے خلاف ڈٹے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان کسی جنرل کا پاکستان نہیں ،کسی خائن سیاست دان کا پاکستان نہیں بلکہ پاکستان محب وطن اور با وفا افراد کا پاکستان ہے اور ہم عہد کرتے ہیں کہ جس طرح قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دی تھیں اسی طرح پاکستان کو بچانے کے لئے بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستانیوں کے قاتل دہشت گرد گروہوں اور ان کی حامی سیاسی جماعتوں سے ہر گز ہر گز اتحاد نہیں کریں گے اور پاکستان میں کسی نجدی یا کسی امریکی و اسرائیلی مفادات کے حامی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے پاک فوج میں موجود مخلص اور ایماندار افسروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کو چاہئیے کہ وہ ملک دشمن قوتوں کے خلاف فوری کاروائی کریں اور پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی و اسرائیلی منصوبہ ہے کہ پاکستان پر قابض ہو جائیں اور اس ناپاک منصوبے پر عملدرآمد کے لئے سعودی حکمران سر گرم عمل ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے عام انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ووٹ کی طاقت سے امریکی و صیہونی نمک خوار آل سعود کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے اور سر زمین پاکستان پر شہیدہونے والے اپنے شہداء کے خون کا انتقام ووٹ کی طاقت سے لیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ سنی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کے ساتھ مل کر ملک دشمن دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔ان کاکہنا تھا کہ ہم مظلوموں اور محروموں کو ان کا حق دلوائیں گے اور ہر ظالم کے خلاف قیام کریں گے۔ان کاکہنا تھا کہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں اور اتحاد بین المسلمین کی مخالف قوتوں کو شکست فاش دیں گے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے اعلان کیا کہ 21اپریل کو کراچی میں نشتر پارک میں جلسہ کیا جائے گا اور اسی طرح ملتان میں بھی جلسہ کیا جائے گا جبکہ ملک بھر میں عام انتخابات سے قبل جلسے کئے جائیں گے اور مرکزی جلسہ مینار پاکستان پر کیا جائے گااور عام انتخابات میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام حیدر آباد بائی پاس پرمنعقدہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کاکہنا تھا کہ آج سر زمین سندھ پر موالیان اہل بیت علیہم السلام کا عظیم الشان اجتماع ملت جعفریہ کا نمائندہ اجتماع ہے اور جو قوم موت سے ٹکرانا سیکھ لیتی ہے اس قوم اور ملت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ہے۔علامہ امین شہیدی کاکہنا تھا کہ قرآن و اہل بیت کانفرنس میں لاکھوں محبان اہل بیت علیہم السلام کی شرکت امریکہ ،اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹون کے منہ پر طمانچہ ہے اور اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملت جعفریہ سر زمین پاکستان پر امریکی اور اسرائیلی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہو نے دے گی۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ملت جعفریہ کا مقابلہ کسی سیاسی گروہ اور جماعت سے نہیں بلکہ ہمارا دشمن اسلام کا دشمن امریکہ اور اسرائیل ہیں اور ہمارا مقابلہ ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاعی ادروں کی جانب سے ملک کے دفاع کے نام پر ملک دشمن گروہوں کو جمع کرنا ایک سنگین غلطی ہے جس کا فوری ازالہ کیا جائے وگرنہ مملکت خداد اد پاکستان کے استحکام کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ پوری دنیا اور بالخصوص سیکورٹی ادارے اور ایجنسیاں جانتی ہیں کہ ملت جعفریہ پاکستان مملکت خداداد پاکستان کا فطری دفاع ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ شیعیان حیدرکرار کراچی سے خیبر تک اور کوئٹہ سے گلگت بلتستان تک ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔علامہ امین شہیدی کاکہنا تھا کہ شہادت ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے ،دشمن نے ملت جعفریہ کو سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن ملت نے اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمن کی تمام سازشوں کو خاک میں ملا کر ناکام کر دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ملت جعفریہ پاکستان اپنے سیاسی حقوق اور اس کے دفاع کے لئے متحد اور یکجا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام حیدر آباد بائی پاس پرمنعقدہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف شیعہ رہنما مولانا سید حیدر علی جوادی نے کہا کہ دین اسلام حریت و آزادی کا مکتب ہے اور یہ مکتب طاغوت اور شیطانی قوتوں کی پیروی کی اجازت نہیں دیتا۔انبیاء علیہم السلام کا راستہ شجاعت اور جوانمردی کا راستہ ہے اور اسی راستے پر لبیک کہتے ہوئے امام خمینی ؒ اور ان کے فرزند علامہ شہید عارف حسین الحسینی ؒ نے سر زمین پاکستان پر استعمار ی قوتوں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی اور ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کے خلاف علم بغاوت بلند کیااور اسی علم کو سر بلند کرتے ہوئے آج موالیان اہل بیت علیہم السلام سر زمین سندھ پر موجود ہیں اور دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور اس عزم کا اعادہ کر رہے ہیں کہ سر زمین پاکستان پر اسلام مخالف قوتوں اور دہشتگردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
Add new comment