استعماری قوتیں قتل و غارتگری میں ملوث (2)

 

آج تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی کی امامت میں ادا کی گئي۔

آيۃ اللہ سید احمد خاتمی نے لاکھوں نمازیوں کے اجتماع میں صیہونی حکومت، امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کی حکومتوں پر عراق اور شام میں موجودہ قتل و غارتگری اور تشدد کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل،  برطانیہ اور فرانس مشرق وسطی میں اپنی تسلط پسندانہ پالیسیوں کے تحت کوشش کر رہے ہیں کہ دہشت گرد گروہوں کی مدد و حمایت سے عراق اور شام میں قتل، تشدد اور اختلافات کو ہوا دیں اور اس طرح ان ملکوں کے ذخائر اور وسائل کو لوٹنے کا راستہ ہموار کریں۔

 خطیب جمعہ تہران  نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عالمی سامراج مشرق وسطی کے ممالک کی آزادی و خودمختاری کو برداشت نہیں کر رہا ہے، مزید کہا کہ تسلط پسند طاقتیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے کسی بھی ظلم اور جرم سے گریز نہیں کرتی ہیں اور انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کی جانب سے عراق میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی حمایت اور ملت شام کے خلاف کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال اس حقیقت کو ثابت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر جیسے ممالک جان لیں کہ شام اور عراق میں دہشت گردوں کی مالی اور فوجی حمایت و مدد سے انہیں پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

آيۃ اللہ خاتمی نے اسی طرح آلماتی میں ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات میں مغرب کے موقف میں تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے بارے میں گروپ پانچ جمع ایک کے موقف میں تبدیلی ملت ایران کے اپنے حقوق پر اصرار کے نتیجے میں آئي ہے۔

Add new comment