پاکستانی عوام کی تقدیر کا فیصلہ گیارہ مئی کو

پاکستان میں عام انتخابات 11 مئی بروز ہفتہ کو کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن 25 مارچ سے کاغذات نامزدگی وصول کرے گا۔ جبکہ 19 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی سمیت بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں جبکہ پنجاب اسبملی کو آج تحلیل کئے جانے کا امکان ہے۔
اسلام ٹائمز  مطابق انتخابی شیڈول دو روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ گیارہ مئی دو ہزار تیرہ کو ملک میں تیرہویں عام انتخابات ہوں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے سمری پر دستخط کر دیئے ہیں۔ ترجمان ایوان صدر فرحت اللہ بابر کے مطابق انتخابات کے لئے تاریخ کے اعلان کے سمری وزیراعظم نے بھجوائی تھی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی شيڈول کا ابتدائی ڈرافٹ تيار کر ليا گیا۔ جس کے مطابق پچیس مارچ سے کاغذات نامزدگی وصول کيے جائيں گے اور يہ عمل چھ دن جاری رہے گا۔ اليکشن کميشن ذرائع کا کہنا ہے اکتیس مارچ سے چھ اپريل تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد سات اپريل سے دس اپريل تک اميدوار اپيليں جمع کرا سکيں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گیارہ سے سترہ اپريل تک اپيلوں پر فيصلے کئے جائيں گے جبکہ اٹھارہ اپريل تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکيں گے، اميدواروں کی حتمی فہرست انیس اپريل کو جاری کر دی جائے گی۔ قومی اسمبلی سولہ مارچ دو ہزار تیرہ کو پانچ سال مکمل کرکے تحلیل ہوئی تھی۔

Add new comment