علامہ شیخ محمد سعید رمضان البوطی شہید
اسلامی جمہوریہ ایران نے دمشق میں تکفیری گروہوں کے ہاتھوں شام کے علماء کی کونسل کے سربراہ علامہ شیخ محمد سعید رمضان البوطی اور ان کے شاگردوں کی شہادت پر شام کے عوام اور پوری دنیا کے علماء کو تعزیت پیش کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں گزشتہ روز دمشق کی مسجد الایمان میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ اس بیان میں اس دہشت گردی کے ذمہ داروں کو ملت شام کا دشمن قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا گيا ہے کہ شیخ محمد سعید رمضان البوطی جیسے علماء کی شہادت ،کہ جو اسلامی مذاہب کو ایک دوسرے کے قریب لانے والے اور عالمی صیہونزم اور سامراج مخالف محاذ کے ایک بڑے حامی ہیں، امریکہ اور اس کے علاقائی پٹھوؤں کی سازش ناکام بنا دے گي جو دہشت گردوں کی مالی اور فوجی مدد کر کے شام میں اختلافات اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب شام کی حکومت نے مسجد الایمان میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد سنیچر کے دن کو یوم سوگ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ شام کے صدر بشار اسد نے بھی اس دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملت شام کو اس دہشت گردی میں ہونے والی شہادتوں کی تعزیت پیش کی ہے۔
واضح رہے کہ دہشت گرد گروہوں نے جمعرات کے روز دمشق شہر میں واقع مسجد الایمان پر حملہ کیا جس میں علامہ شیخ محمد سعید رمضان البوطی سمیت بیالیس افراد شہید جب کہ چوراسی سے زائد زخمی ہو گئے۔
Add new comment