عباس ٹاؤن دھماکےمیں ملوث تحریک طالبان کراچی کا امیرگرفتار
طالبان دہشت گردوں کا یہ گروپ کراچی میں فورسز و پولیو ٹیم پر حملے اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہا ہے
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے عباس ٹاؤن بم دھماکے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور بتایا ہے کہ بارود سے بھری ہوئی سوزوکی پک اپ کو ریموٹ کنٹرول سے اُڑایا گیا تھا، کراچی میں پولیس نے انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے اہم آپریشن کیا، عباس ٹاوٴن دھماکے میں ملوث تحریک طالبان کراچی کے امیر شیرعالم محسود سمیت 5 بڑے دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے، حساس اداروں کی اطلاعات پر کراچی کے مضافات میں گڈاپ ٹاوٴن، سپر ہائی وے ناردرن بائی پاس پر واقع ایک افغان بستی پر چھاپے کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے 2 کارکنوں منصور اور انعام اللہ کو ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کرلیا گیا، جن کی نشاندہی پر مزید گرفتاری عمل میں آئیں، آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں نے بھی حصہ لیا جن میں امکان ہے کہ فون کال ٹریسر یا موبائل ٹریکننگ سسٹم بھی موجود تھے،ان کے ساتھ کمانڈوز کو لئے ہوئے 4 بلٹ پروف گاڑیاں بھی تھیں اور پچیس پولیس موبائلیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دیگر گاڑیوں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا ڈی آئی جی سی آئی ڈی شاہد حیات اور ایس ایس پی چوہدری اسلم نے ایک پریس کانفرس میں بتایا کہ سی ویو سے دو ملزمان خیرالدین اور محمد اسحاق کو ایک گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا اور سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور دو ٹی ٹی پستول برآمد کئے گئے۔
ڈی آئی جی شاہد حیات کے مطابق بعد میں خدا کی بستی میں آپریشن کیا گیا، جہاں سے بشیر اللہ، عرفان، انعام اللہ اور شیر عالم محسود کو گرفتار کرکے ڈھائی سوکلو دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، اُنہوں نے بتایا کہ عباس ٹاؤن دھماکہ کا ماسٹر مائینڈ بشیر عرف چمپو ہے اور دھماکے کیلئے سوزوکی پک اپ استعمال کی گئی تھی، انہوں نے بتایا کہ ملزمان گاڑی کے ساتھ علاقے میں گئے اور وہاں گاڑی کھڑی کرکے ساتھیوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر نکل آئے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ سوزوکی میں موجود بارود کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑایا گیا، اس سے پہلے یہ شبہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ یہ خودکش بم حملہ بھی ہوسکتا ہے، پولیس کے مطابق ملزمان الآصف بم دھماکے، عباس ٹاوٴن بم دھماکے، کراچی میں فورسز و پولیو ٹیم پر حملے اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں، کراچی پولیس کے مطابق صبح گرفتار کئے جانے والے منصور نے اعتراف کیا کہ اس نے اور انعام اللہ نے ہی بارود سے بھری پک اپ عباس ٹاوٴن پہنچائی تھی، 150 کلو گرام بارود سے بھری پک اپ گنجان آباد بستی میں کھڑی کرکے منصور اور انعام اللہ موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق شیر عالم محسود کالعدم تحریک طالبان کراچی کا امیر ہے جس کی گرفتاری انتہائی اہم کامیابی بھی قرار دی جارہی ہے۔
Add new comment