امریکی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا
امریکی حکومت کی جانب سے ایران ،پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر تحفظات کے اظہار اور پاکستان پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے پر پاکستان کی
سیاسی عسکری قیادت نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کی طرف سے پابندیاں لگانے کی دھمکی کامنہ توڑ جواب دینے کافیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کی جانب سے امریکہ پرواضح کیا جا رہاہے کہ پاکستان پرکوئی پابندی لگائی گئی تو پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں امریکا سے ہر طرح کا تعاون ختم کر دے گا اور پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تمام سہولیات بھی ختم کر دی جائیں گی۔
ادھر امریکہ میں پاکستانی سفیرشیری رحمن ایران،پاکستان گیس پائپ لائن کاسنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں شرکت کے بعد اسلام آبادپہنچ گئی ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق شیری رحمٰن نے صدرزرداری کوامریکی حکام کے اس منصوبے پرردعمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ شیری رحمن ایک دو روزمیں پاکستان کے وزیراعظم،وزیرخارجہ اوراعلیٰ فوجی قیادت سے بھی ملاقات کریں گی۔ان ملاقاتوں میں امریکی دباؤکے مقابلے کےلئے پاکستانی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
Add new comment