اعلی حکام اور اسلامی ملکوں کے سفیروں کی رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام اور تہران میں متعین اسلامی ملکوں کے سفیروں نے منگل کو پیغمبراسلام (ص) کی مبعث کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکی اور صیہونی، اس لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ ایران میں اسلام کو ہی برتری حاصل ہے اور اس نے امریکیوں اور صیہونیوں کی حرص و ہوس کا راستہ بند کر دیا ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلام سے عالمی سامراج کی دشمنی کی وجوہات کو سمجھنا اسلامی ملکوں کے حکام کی ذمہ داری ہے، فرمایا کہ اسلامی حکومتوں کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ایک اسلامی ملک کا ساتھ دینے اور ایک اسلامی ملک سے دشمنی برتنے کا امریکی مقصد، عالم اسلام کے اتحاد کو روکنا اور اسلامی معاشروں کے مفادات کو درک کرنے کے لئے امت مسلمہ کے، ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے انسانی معاشروں کی ترقی و پیشرفت میں اسلام کی بے مثال توانائی، مادیات و معنویات پر مشتمل ایک تہذیب کو تشکیل دینے کے تعلق سے اس کی صلاحیتوں اور ظلم وستم کا مقابلہ کرنے میں اس کی طاقت کو، اس دین الہی سے عالمی سامراج کی دشمنی کی اصل وجہ قراردیا اور فرمایا کہ اسلام کے نام پر دہشت گرد گروہوں کو وجود میں لانا اور اسلامی ملکوں کے درمیان تفرقہ انگیزی، امریکا اور صیہونی حکومت کی سازشیں ہیں-
آپ نے فرمایا کہ عالمی لٹیرے علاقے کے بعض ملکوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور اپنی ایسی سازشوں کو آگے بڑھانے کی کو شش کر رہے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران یا شیعہ مذہب کو ان کا دشمن ظاہر کریں لیکن سب کو اس بات پر توجہ رکھنی چاہئے کہ منہ زور طاقتوں کے مقابلے میں اتحاد اور استقامت ہی عالم اسلام کی ترقی و سرافرازی کا راستہ ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے امریکا کے پچھلے اور موجودہ حکمرانوں کی ایرانی عوام کے خلاف مشترکہ اور دھمکی آمیز پالیسوں کو امریکا کی سبھی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ناپاک عزائم کی علامت قرار دیا اور فرمایا کہ امریکیوں نے جب بھی انہیں موقع ملا انھوں نے ایران کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے لیکن سب کو یہ جان لینا چاہئے کہ جو بھی ایرانی عوام کے خلاف دست درازی کرے گا بلاشبہ یہ اقدام خود اس کے ہی نقصان میں ہو گا-
رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے صدارتی انتخابات کے امیدواورں سے متعلق فرمایا کہ وہ عوام سے وعدہ کریں کہ ملکی امور کی پیشرفت، اقتصادی ترقی اور مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کریں گے اور وہ ایران کی ترقی و پیشرفت میں سرحدوں کے باہر سے کسی چیز کی توقع نہیں رکھیں گے-
رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دینی جمہوریت کو پیغمبراسلام (ص) کی بعثت کا ایک عظیم تحفہ قرار دیا اور کہا کہ عالم اسلام تشدد، دہشت گردی، تکفیریت اور بدامنی و عدم استحکام کا شکار ہے، اس لئے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ بعثت نبوی سے درس لے کر علاقے اور دیگر اسلامی ممالک خود کو ان مشکلات سے نجات دلائیں-
Add new comment