مزید فلسطینی قیدی اسرائیل کے خلاف بھوک ہڑتال میں شامل

اسرائیل کی ریمون جیل کے قیدیوں نے بھی دیگر فلسطینی قیدیوں کے ساتھ بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔

بھوک ہڑتال شروع کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے صیہونی حکام نے بعض فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کی دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔

ریمون جیل کے قیدیوں کی جانب سے بھی بھوک ہڑتال کے اعلان کے بعد ہڑتال کا دائرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

 فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق حنظلہ مرکز کا کہنا ہے کہ صیہونی حکام کے اس اقدام کا مقصد بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کے عزم کو کمزور کرنا اور ان کی تعداد کم کرنا ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کے حکام، قیدیوں کے خاندان کی مدد بند کرکے ان کے بقول قیام امن کی پابندی کا ثبوت پیش کریں۔

 اس سے قبل صیہونی حکومت کے جیل حکام نے دھمکی دی تھی کہ بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کو برے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

 فلسطینی قیدیوں نے سترہ اپریل سے جسے یوم اسراء قرار دیا گیا ہے، آزادی و کرامت کے عنوان سے صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں اور رویوں کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ اب تک صیہونی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے دوہزار قیدی بھوک ہڑتال میں شامل ہوچکے ہیں۔

Add new comment