اردوغان عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں، عراقی حکومت

عراقی حکومت نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے کہا ہے کہ وہ عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔

عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان جاری کر کے عراق کی عوامی رضاکار فورس کے خلاف ترک صدر کے بے بنیاد بیان کے ردعمل  میں کہا ہے کہ ترکی کے صدر عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنا بند کر دیں-

عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے اپنے اس بیان میں کہا ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے دہشت گردوں کے قبضے سے عراقی سرزمین کو آزاد کرانے کے لئےعراقی افواج کے شانہ بشانہ جنگ کی ہے اور اہم کامیابی حاصل کی ہے-

عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ عراق کا اپنا قومی اقتدار اعلی ہے اور ملک کے قانون کے مطابق عوامی رضاکار فورس عراقی افواج کا حصہ ہے، کہا کہ الحشدالشعبی عراق اور عراقی عوام کی وفادار فورس ہے اور وہ کسی دوسرے ملک کے تابع نہیں ہے-

عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے دیگر ہمسایہ ملکوں سے بھی کہا ہے کہ وہ عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت سے اجتناب کریں اور دہشت گردی کے خلاف جو علاقے اور دنیا کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے، جنگ میں عراق کی مدد کریں-

واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے دہشت گرد گروہوں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے  کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس ایک دہشت گرد تنظیم ہے-

عراق کی وزارت خارجہ نے اردوغان کے اس بیان کے بعد ترکی کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے-

Add new comment