امام محمد تقی (ع) کا یوم ولادت،ملک بھر میں جشن

فرزند رسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعات کی مناسبت سے ایران سمیت مختلف ملکوں میں جشن اور قصیدہ خوانی کی محفلوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں فرزند رسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے جشن کا سلسلہ جمعے کی رات ہی شروع ہوگیا تھا جو اس وقت بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایران اسلامی کی تمام مساجد اور حسیینیوں میں جشن کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کو اس مناسبت سے برقی قمقموں سے بہت ہی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جمعے کی رات اور سنیچر کو دن میں، شہر مشہد مقدس، اطراف کے علاقوں، ایران اسلامی کے دیگر شہروں اور دوسرے ملکوں سے آنے والے ہزاروں زائرین نے روضہ مبارک میں حاضری دیکر حضرت امام علی رضا علیہ السلام کو آپ کے فرزند ارجمند حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی۔

قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں بھی بڑی تعداد میں ایرانی اور غیر ایرانی زائرین نے حاضری دے کر حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کی۔ قم کی مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ ہی مراجع تقلید کے گھروں میں بھی اس مناسبت سے جشن کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

دارالحکومت تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں بھی فرزند رسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کا جشن جاری ہے۔

کاظمین سے ہمارے نمائندے نے رپورٹ دی ہے کہ حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مخصوصی میں شرکت کے لئے عراق کے دیگر شہروں کے ساتھ ہی دوسرے ملکوں کے بھی ہزاروں زائرین پہنچے ہیں۔

اس مناسبت سے ہندوستان اور پاکستان میں بھی قصیدہ خوانی کی محفلوں اور جشن کا سلسلہ جاری ہے۔

Add new comment