پاکستان و افغانستان کے درمیان ثالثی کے لئے ایران کا اعلان آمادگی
ایران کے نائب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور نے اسنا سے گفتگو میں پاکستان و افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے ساتھ ایران کے خوشگوار تعلقات کے پیش نظر اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان و افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے کےلئے موثر کردار ادا کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ایران کے نائـب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی ان ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے اور علاقے کے ممالک کو چاہئے کہ ایک دوسرے کی مدد سے بحران کو حل کرنے کی کوشش کریں۔انھوں نے کہا کہ افغانستان کے امن اجلاس کا محور اندرون ملک قومی آشتی پیدا کرنا ہے اور افغانستان کی حکومت توقع رکھتی ہے کہ دیگرممالک اس کے ساتھ تعاون کریں گے تاکہ وہ خود افغانستان میں طالبان سمیت تمام مخالف گروہوں کے ساتھ مذاکرات انجام دے سکے۔ایران کے نائب وزیرخارجہ ابراہیم رحیم پور نے افغانستان میں داعش دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں داعش دہشت گرد گروہ کو بعض عرب ملکوں کی مالی مدد حاصل ہے اور ایران، اس دہشت گرد گروہ کے خلاف افغان حکومت کی مہم میں مدد کرنے کے لئے آمادہ ہے۔انھوں نے سعودی عرب اور علاقے کے بعض ملکوں کی غیر منطقی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے بعض ممالک، موجودہ بحرانوں اور صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ایران کی پالیسی ان ممالک کی پالیسیوں سے الگ ہٹ کر ہے۔
Add new comment