شام کے شہروں رقہ اور دیرالزور پر امریکی اتحاد کے طیاروں کی بمباری
شام کے شہروں رقہ اور دیرالزور میں امریکا کی قیادت والے نام نہاد اتحاد کے طیاروں کے حملوں میں کم سے کم اٹھائیس عام شہری جاں بحق ہو گئے-
امریکی اتحاد کے طیاروں نے شام کے شہر رقہ کے مضافاتی گاؤں حمرہ بلا اسم پر بمباری کر دی جس میں کم سے کم چار افراد مارے گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے - اطلاعات ہیں کہ امریکی اتحاد کے طیاروں نے مشرقی رقہ میں المرعید اسکول پر چار مرتبہ بمباری کی جس کے نتیجے میں پورا اسکول تباہ ہوگیا- جمعے کو بھی امریکی اتحاد کے طیاروں نے رقہ شہر پر بمباری کی تھی جس میں چوبیس عام شہری جاں بحق ہوگئے تھے جن میں آٹھ بچے اور چھے خواتین شامل ہیں- بتایا جاتا ہے کہ ان حملوں میں داعش کے بھی چھے عناصر ہلاک ہوئے ہیں- امریکی اتحاد کے طیاروں نے شام کے شہر دیرالزور کے مضافاتی علاقوں پر بھی بمباری کی- اس درمیان شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ رقہ اور دیرالزور میں کرد ملیشیا اور تکفیری دہشت گردوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ کرد ملیشیا نے مطب نامی گاؤں کی جانب پیش قدمی کی- دوسری جانب حماہ میں شامی فوج نے اسلحہ اور گولہ بارود سے بھرے ہوئے ایک ٹرک کو پکڑ لیا۔
Add new comment