آج دنیا ایک ایسی اقوام متحدہ کی طلبگار ہے جو صحیح معنوں میں انسانیت کی خدمت کرے
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز کے خطبوں میں گذشتہ سنیچر کو صنعا میں ایک مجلس ترحیم پر سعودی جنگی طیاروں کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں سیکڑوں عام شہریوں کا خاک و خون میں غلطاں کردیا جانا جنگی جرائم کا کھلا ثبوت ہے اور اس طرح کے جرائم کا ارتکاب کرنے کی بنا پر سعودی حکام پر مقدمہ چلایا جانا چاہئے-
تہران کے خطیب جمعہ نے امریکا اور برطانیہ کے حکام کے ان دعوؤں کو جھوٹ قراردیا جن میں ان ملکوں نے کہا ہے یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن پر حملے سے پہلے برطانیہ نے سعودی عرب کے ساتھ اربوں ڈالر کا معاہدہ کیا تھا -
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے، کہ یمن اور دیگر ملکوں میں سعودی عرب کے وحشیانہ اقدامات کے لئے امریکیوں کی حمایت کا کسی بھی صورت میں انکار نہیں کیا جاسکتا ، کہا کہ پچھلے اٹھارہ مہینے میں یمن میں ہزاروں افراد شہید ہوئے ہیں لیکن عالمی اداروں کی جانب سے کوئی بھی ٹھوس بیان یا عملی اقدام دیکھنے کو نہیں ملا -
انہوں نے یمن شام اور علاقے کے دیگر ملکوں میں ہونے والے مظالم اور جرائم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ایک طرف تو اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ یمن میں دس ہزار افراد سعودی حملوں میں مارے گئے ہیں اور دوسری جانب سعودی عرب کا نام بچوں کی قاتل حکومتوں کی فہرست سے باہرنکال دیتے ہیں اور اس اقدام سے ثابت ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کس حدتک سامراج کے زیراثر ہے-
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی قومیں ایک ایسی اقوام متحدہ چاہتی ہیں جو صحیح معنوں میں انسانیت کی خدمت کرے- انہوں نے کہا کہ اگر عدل و انصاف کی بنیاد پر دنیا میں کوئی عدالت ہوتی تو بلاشبہہ ان لوگوں کو جو یمن میں وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں کئی کئی بار پھانسی کی سزا کا حکم دیتی لیکن افسوس کہ آج دنیا میں ایسا کوئی عدالتی نظام نہیں ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے عراق اور افغانستان میں نو اور دس محرم کو ہونے والے دہشت گردانہ حملوں اور نائیجیریا میں عزاداروں پر فوجیوں کے حملوں کی مذمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ حسینی تحریک انتہائی سخت حالات میں بھی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دنیا سے ظلم وستم کا خاتمہ نہیں ہوجاتا -
Add new comment