عراق: ہیت شہر کی بڑی عمارتوں پر عراقی پرچم لہرا دیا گیا

خبری ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ عراق کے مغربی شہر ہیت کے مرکزی علاقے کو داعش کے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے صوبہ الانبار میں اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبہ الانبار کے شہر ہیت کے مرکزی علاقے میں داخل ہو کر اس شہر کی بلند ترین عمارتوں پر عراق کا پرچم لہرا دیا ہے۔
عراقی فوج ہیت شہر کے نواحی علاقوں میں ایک ہفتے کی جھڑپوں کے بعد اس شہر کے اندر داخل ہو گئی ہے۔
دہشت گرد گروہ داعش نے بدھ کے روز بہت سی پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں حتی کاروں کو بھی آگ لگا دی تاکہ عراقی فوجیوں کے خلاف پروپیگنڈا کر سکے لیکن عراقی طیاروں نے اس کی فلم بنا کر یہ سازش ناکام بنا دی۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس جمعرات کو صوبہ الانبار کے ایک اور سیکٹر سے ایک اہم علاقے میں داخل ہو گئی ہے اور وہ عنقریب الانبار کے مغرب میں واقع الرطبہ شہر کی آزادی کے لیے کارروائی شروع کر دے گی۔

Add new comment