بغداد کے شمال میں دہشت گردانہ بم دھماکہ، متعدد افراد جاں بحق اور زخمی
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ بغداد کے شمال میں دہشت گردانہ بم دھماکہ ہوا ہے۔
العراقیہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت بغداد کے شمال میں المثنی پل کے قریب ایک بم دھماکے میں کئی عراقی شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
کل بھی بغداد میں ہونے والے بم دھماکوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے۔
دہشت گرد گروہ داعش نے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ہاتھوں مسلسل شکست کھانے کے بعد اب شہروں کے اندر دہشت گردانہ حملے اور شہریوں کا قتل عام کرنا شروع کر دیا ہے۔
عراق میں اقوام متحدہ کے وفد (یونامی) کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے مہینے میں دہشت گردانہ حملوں میں ایک ہزار ایک سو انیس افراد جاں بحق اور ایک ہزار پانچ سو اکسٹھ زخمی ہوئے۔
عراق سے موصولہ ایک اور رپورٹ کے مطابق صوبہ الانبار کے شہر ہیت کو آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران عراقی فوج نے ہیت شہر کے شمالی حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
اسی طرح عراق کی مشترکہ فوج نے ہیت کے شمال مغرب میں واقع تربیتی کیمپ پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اس موقع پر ہونے والی جھڑپ میں داعش کے ستر دہشت گرد ہلاک اور ان کی کئی فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔
Add new comment