شام کے دیگر علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا

شامی فوج نے شام کے شہر حلب کے مضافات میں انیس دیہی علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کردیا ہے-
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے ایک باخبر فوجی ذریعے نے کہا ہے کہ مشرقی حلب سے تیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع السفیرہ علاقے میں شامی فوج نے حویجنہ، صبیحہ، الرضوانیہ، ریان، القاروطیہ، عین ثابت اور روفیہ نامی دیہاتوں میں امن بحال کردیا ہے-
اس فوجی ذریعے نے کہا کہ یہ کامیابی شامی فوج اور داعش دہشت گردوں کے درمیان شدید لڑائی کے بعد حاصل ہوئی ہے جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ بہت سے دہشت گرد، حلب کے مضافات میں دہشت گردوں کے گڑھ شہر الباب کی طرف فرار کرگئے ہیں-
شامی فوج نے اسی طرح الدکوانہ، المفلسہ، الجابریہ، جب الصفا، ام العمد، کبارہ، تریدم، عین سابل، تل اسطبل، قصیر الورد، بیدورہ، صالحیہ دیہاتوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے، ان علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا- اس فوجی ذریعے نے کہا کہ ان دیہی علاقوں سے دہشت گردوں کے فرار کرنے کے بعد بموں اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کا کام شروع ہوگیا ہے-
در ایں اثنا تکفیری دہشت گرد گروہوں نے اپنی ویب سائٹوں میں، مشرقی حلب کے محاذوں پر ستّر دہشت گردوں کے ہلاک ہونے اور انہیں بھاری نقصان پہنچنے کا اعتراف کیا ہے-

Add new comment