جشن میلاد النبی (ص) کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کا بصیرت افروز خطاب
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نیا اسلامی تمدن پیش کرنے کی ضرورت پر تاکید فرمائی ہے۔
منگل کو تہران میں حضرت رسول اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی عہدیداروں، تہران میں متعین دوسرے ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے معزز مہمانوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں میلاد حضرت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور یوم ولادت فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مبارکباد پیش کرنے کے بعد فرمایا کہ آج ہمارا فریضہ صرف یہ نہیں کہ میلاد کی محفلیں منعقد کریں اور جشن منا لیں۔ آپ نے فرمایا کہ آج اسلامی دنیا کو چاہئے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے نیا جذبہ اور ماحول پیدا کرے اور نیا اسلامی تمدن پیش کرے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہمارا یہ خطاب اسلامی دنیا کے علما اور مفکرین سے ہے کیونکہ مجھے عالم اسلام کے سیاستدانوں سے زیادہ امید نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ نئے اسلامی تمدن کا مطلب دوسرے ممالک اور اقوام پر یلغار کرنا اور کسی کو زبردستی مسلمان بنانا نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات اور اخلاق اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت طیبہ کے مطابق ایک نظام کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ آج دشمن مسلمانوں کے درمیان جنگ کرانا چاہتے ہیں اور افسوس کہ وہ بعض اسلامی ملکوں منجملہ شام اور یمن کو تباہ و برباد کرنے میں کسی حدتک کامیاب بھی ہوئے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے بحرین کے مسلمانوں پر دباؤ ،یمن پر ایک سال سے دن رات جاری بمباری اور اسی طرح شام اور عراق کی صورتحال پر عالم اسلام کی خاموشی پر کڑی تنقید کی اور نائیجیریا کے حالیہ سانحے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ نائیجیریا میں اتحاد کے علمبردار ، مصلح اور مومن عالم دین کے ساتھ یہ سلوک روا رکھا جائے، ان کے بیٹوں سمیت تقریبا ایک ہزار لوگوں کو شہید کر دیا جائے اور عالم اسلام پر خاموشی چھائی رہے؟
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکیوں کی نظر میں شیعہ اور سنی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے، وہ ہر ایسے مسلمان کے مخالف ہیں جو اسلامی احکامات اور قوانین کے مطابق زندگی گزارنا چاہتا ہے اور اس راہ میں مجاہدت کر رہا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج جب پیسے اور طاقت کی دنیا، پوری شدت کے ساتھ اسلامی دنیا کے خلاف خطرناک سازشوں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف ہے تو کسی بھی مسلمان کو اپنی آنکھیں بند کرنے اور حقائق پر توجہ نہ دینے کا حق حاصل نہیں ہے۔
Add new comment