یوم القدس صیہونیوں سے اپنے حق کے مطالبے کا دن: افغان شیعہ علما کونسل
افغانستان کے صوبہ بلخ کی شیعہ علما کونسل کے رکن محمد اسحاق بہروز نژاد نے آئی آر آئی بی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم القدس، صیہونی حکومت سے ملت فلسطین کے حق کے مطالبے کا دن ہے- محمد اسحاق بہروز نژاد نے فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ فلسطینی عوام کی حمایت کریں- بہروز نژاد نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی جانب سے ماہ رمضان کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دیئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس کی ریلیوں میں پوری دنیا کے مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مقبوضہ فلسطین کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں- افغانستان کے صوبہ بلخ کی شیعہ علما کونسل کے رکن نے مزید کہا کہ گذشتہ برسوں میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند ہوتی رہی ہے اور بہت سے غیر مسلم ممالک میں بھی فلسطین اور بیت المقدس کی حمایت کی جاتی رہی ہے- محمد اسحاق بہروز نژاد نے کہا کہ افغانستان میں بھی ہرسال رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس منایا جاتا ہے اور روزہ دار عوام ریلیاں نکال کر فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں- انھوں نے کہا کہ فلسطین اور قدس کی حمایت میں بلند ہونے والی یہ آواز ایک دن نتیجہ خیز ثابت ہوگی اور ملت فلسطین کو اپنا قانونی حق ضرور ملے گا-
Add new comment