یکم ربیع الاول کی اہمیت

پہلی ربیع الاول کی رات

بعثت کے تیرھویں سال یکم ربیع الاول کی رات کو حضرت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ کی مکہ معظمہ سے مدینہ منورہ کو ہجرت کا آغاز ہوا؛ اس رات آپ غار ثور میں پوشیدہ رہے اور حضرت امیر۔ اپنی جان آپ پر فدا کرنے کیلئے مشرک قبائل کی تلواروں سے بے پرواہ ہو کر حضور کے بستر پر سو رہے تھے۔ اس طرح آپ نے اپنی فضیلت اور حضور کے ساتھ اپنی اخوت اور ہمدردی کی عظمت کو سارے عالم پر آشکار کردیا۔ پس اسی رات امیرالمؤمنین۔  کی شان میں یہ آیت نازل ہوئی۔

وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَشْرِیْ نَفْسَہُ ابْتِغَائِ مَرْضَاْتِ اﷲِ۔

اور لوگوں میں کچھ ایسے ہیں جو رضاالہی حاصل کرنے کیلئے جان دے دیتے ہیں۔ 

پہلی ربیع الاول کا دن

علمائے کرام کا فرمان ہے کہ اس دن رسول اکرم اور امیرالمؤمنین کی جانیں بچ جانے پر شکرانے کا روزہ رکھنا مستحب ہے اور آج کے دن ان دونوں ہستیوں کی زیارت پڑھنا بھی مستحب ہے۔ سید نے کتاب اقبال میں آج کے دن کی دعا بھی نقل کی ہے ،شیخ و کفعمی کے بقول آج ہی کے دن امام حسن عسکری کی شہادت ہوئی، لیکن قول مشہور یہ ہے کہ آپ کی شہادت  اس مہینے کی آٹھویں کو ہوئی، لہذا ممکن ہے کہ پہلی کو آپ کے مرض کی ابتدا ہوئی ہو۔

Add new comment